حمزہ شہبازکی قیادت میں وفدکا ڈونگ فنگ الیکٹرک کارپوریشن کا دورہ

حمزہ شہبازکی قیادت میں وفدکا ڈونگ فنگ الیکٹرک کارپوریشن کا دورہ

  

لاہور(پ ر)رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف کی قیادت میں چین کے دورے پر ینگ پارلیمنٹیرینز کے وفد نے چین کے صوبے سیچوان میں سرکاری ادارے ڈونگ فنگ الیکٹرک کارپوریشن کا دورہ کیا اور ادارے کے وائس پریذیڈنٹ مسٹر ہان ذیاکیاؤ سے ملاقات کی ۔دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ڈونگ فنگ الیکٹرک کارپوریشن کی طرف سے لاکھڑا پاورپراجیکٹ سمیت پاکستان میں مکمل کئے گئے مختلف منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے ڈونگ فنگ کارپوریشن کے عہدیداران کو بتایا کہ و زیر اعظم نوازشریف نے دیامیر بھاشا ڈیم کے منصوبے کو اپنی ترجیحات میں سب سے اہم قرار دیتے ہوئے حال ہی میں ایک اجلاس میں یہ منصوبہ جلد شروع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ حمزہ شہبازشریف نے کارپوریشن کے وائس پریزیڈنٹ کو یقین دہانی کرائی کہ ڈونگ فنگ کارپوریشن کی طرف سے پاکستان میں آئندہ شروع کئے جانے والے تمام منصوبوں کی حکومتی سطح پربھر پور معاونت کی جائے گی ۔انہوں نے مسٹر ہان ذیا کیاؤ کو نندی پور پراجیکٹ کے افتتاح سے قبل پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ چین کی مدد سے پاکستان اور اس کے عوام کیلئے فائدہ مند سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ڈونگ فنگ الیکٹرک کارپوریشن کے وائس پریزیڈنٹ مسٹر ہان ذیاکیاؤ نے پاکستانی وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پاکستانی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی توانائی بحران کے خاتمے کی سنجیدہ اورپرخلوص کوششیں شروع کردی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی توجہ کی وجہ سے پنجاب میں نندی پور پاورپراجیکٹ کا افتتاح اگلے ماہ مئی میں ہوجائے گا اوراس منصوبے سے جزوی طور پر بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی ۔یہ منصوبہ اسی سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا۔واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی نوجوان ارکان اسمبلی پر مشتمل 15رکنی وفد چینی برسراقتدارجماعت کیمونسٹ پارٹی کی دعوت پر ان دنوں چین کے دورے پر ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -