جھوٹ کی سزا، پانچ کروڑروپے جرمانہ
نیویارک(بیورورپورٹ)اوہائیو کے ایک شخص کو ڈرامے بازی کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑ گئی۔ ایک امریکی عدالت نے دانک کمار کو حکم دیا کہ وہ جرمانے کے طور پر چار لاکھ اننانوے ہزار ڈالر(تقریباًپانچ کروڑ روپے) ادا کرے کیونکہ اسکی جعلی کال کی وجہ سے امریکی کوسٹ گارڈ اور ریسکیو مشن کو لیک ایری میں مدد کیلئے ایک بہت بڑا آپریشن کرنا پڑا۔ دانک کمار جو کہ ایک لائسنس یافتہ پائلٹ ہے، نے حکام کو 2012ء میں بتایا تھا کہ جب وہ لیک ایری کے اوپر پروز کررہا تھا تو اس نے نیچے ایک کشتی میں کچھ شعلے دیکھے جو کہ مدد کیلئے پکار لگ رہے تھے۔ جب حکام نے اسے مزید دھیان سے دیکھنے کیلئے کہا تو اسے کوئی کشتی نظر نہ آئی لیکن پھر بھی اسنے یہی کہا کہ مجھے زیادہ شعلے نظر آرہے ہیں اور یہ کہ کشتی پر چار لوگ موجود ہیں جنہوں نے لائف جیکٹ پہن رکھی ہیں۔ مصیبت میں گھرے لوگوں کی تلاش کیلئے 21 گھنٹے جاری رہنے والے مشن میں امریکی کوسٹ گارڈ کے ایک جہاز، تین چھوٹی کشتیوں، ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر اور کینیڈا کے ایک CC130 جہاز نے حصہ لیا۔ کمار نے جعلی کال کرنے کا اعتراف کرلیا۔ جج نے کمار کو تین ماہ قید اور امریکی کوسٹ گارڈ اور کینیڈا کی افواج کو بالترتیب دولاکھ ستتر ہزار ڈالر اور دو لاکھ بارہ ہزارڈالر بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ کمار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جرمانہ صرف امریکی کوسٹ گارڈ کو ادا کیا جانا چاہیے جو کہ تلاش پر اٹھنے والے کرچیایک لاکھ اٹھارہ ہزارڈالر کے برابر ہونا چاہیے۔