پاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش کیلئے غیر ملکی مندوبین سے رابطے شروع
لاہور(اے پی پی )پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ لاہور میں منعقد ہونے والی 35ویں پاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش میں غیر ملکی مندوبین کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطے شروع کر دئیے ہیں ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے توسط سے بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بھی نمائش کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے گی ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کارپٹ انڈسٹری سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے اور اگر حکومت ہماری سر پرستی کرے تو اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارپٹ انڈسٹری کی ترقی اور اس کی ایکسپورٹ کو دوبارہ عروج دینے کیلئے دیگر ممالک کی طرز پر مراعات اور ٹیکسز میں چھوٹ دی جا نی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں منعقد ہونے والی 35ویں پاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش کے کامیاب انعقاد کیلئے بھرپور کاوشیں جاری ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس سے کارپٹ انڈسٹری کو ترقی دینے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نمائش میں شرکت کیلئے آنے والے غیر ملکی مندوبین کو ویزوں کے اجراء سمیت دیگر مسائل کے حل کی ہر ممکن یقین دہانی کرائی ہے۔