یونس خان کی ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلے کی تردید

یونس خان کی ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلے کی تردید
 یونس خان کی ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلے کی تردید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جمیکا/کنگسٹن (اے این این)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ کے ریکارڈ ساز بلے باز یونس خان نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی خبروں کی سختی سے تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اٹل ہے ، ریٹائرمنٹ کا اعلان سوچ سمجھ کرکیا،ویسٹ انڈیز سیریزمیں ہراننگزمیں سنچری بنائی تب بھی ریٹائرمنٹ واپس نہیں لوں گا،پاکستانی کھلاڑی ہوں اور پاکستان کیلئے کھیلتا ہوں ،میری اہلیت پر شک نہ کیا جائے ،ویسٹ انڈیز سے سیریز جیتنے اور میری کامیابی کیلئے پوری قوم دعا کرے ۔ان خیالا ت کا اظہار مایہ ناز ٹیسٹ بیٹسمین یونس خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی خواہش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کو لے کر بہت کچھ کہا جارہا ہے کہ شاید یونس خان نے یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ آگے بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔مایہ ناز بلے باز کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان اپنی خواہش، اپنی سوچ اور منصوبے کے تحت کیا۔غیرملکی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'مجھ سے کیا سوال ہوا، میں نے کیا جواب دیا اور آپ کے سامنے اس کا کون سا ورژن آیا اس کی تفصیلات میں نہیں جاؤں گا۔خیال رہے گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ نے دعوی کیا تھا کہ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا عندیہ دیا ہے اور کپتان مصباح الحق نے بھی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ یونس مزید کھیلتا رہے۔
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے اسٹار بلے باز کا کہنا تھا کہ 'یونس خان اگر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہر میچ کی ہر اننگز میں بھی سنچری کرے تب بھی انشااللہ یونس خان پھر بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہیں اور اگر ایسی کوئی بات میری ذہن میں ہوتی بھی تو میں پاکستانی ہی تو ہوں، پاکستان ٹیم کے لیے تو کھیلتا تو ہوں اس کو لے کراتنا بڑا تنازع کیوں کھڑا کیا جائے'۔ان کا کہنا تھا کہ خدارا یونس خان کی کریڈیبلٹی پر شک نہ کریں پاکستان ٹیم کی حمایت کریں اور یونس خان کیلئے دعا کریں کہ ہم کافی عرصے بعد ویسٹ انڈیز میں کوئی ٹیسٹ سیریز جیتیں۔یاد رہے کہ یونس خان نے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ انھیں اس سیریز میں ٹیسٹ کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئیصرف 33 رنز درکار ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں یونس خان نے واضح کیا تھا کہ اگر وہ اس فیصلے کو واپس لیں گے تو یوٹرن ہوگا۔پاکستان ٹیم اس وقت کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مصروف ہے جہاں بارش کے باعث ابتدائی دو دن کا کھیل مکمل نہ ہو سکا اور دونوں دن مقررہ وقت سے قبل کھیل کو روک دیا گیا۔ویسٹ انڈیز نے دوسرے روز کے اختتام پر 9 وکٹوں پر 278 رنز بنا لیے تھے۔