ورلڈ کپ کوالیفائر،قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع
لاہور( سپورٹس رپورٹر)ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے پاکستان کی ہاکی ٹیم کی تربیت لاہور میں شروع ہوگیا جس میں چیف کوچ خواجہ محمد جنید کی کوچنگ میں کھلاڑی صبح و شام الگ الگ سیشن میں خصوصی تربیت حاصل کریں گے کیمپ میں 22 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ کا انعقاد انگلینڈ میں ہورہاہے جس میں دنیا بھر کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں پاکستان کی ہاکی ٹیم کے لئے یہ ایونٹ بہت اہمیت کا حامل ہے ورلڈ کپ تک رسائی کے لئے اچھی پرفارمنس دینا بہت ضروری ہے۔اس حوالے سے خواجہ جنید نے روز نامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کیمپ میں کھلاڑیوں کی تربیت دو سیشنز میں کی جائیں گی اور ان کی خامیاں دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے جو کھلاڑی اچھی پرفارمنس دیگا اور اس کی فٹنس ثابت کرے گا اس کوہی ٹیم میں جگہ ملے گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف آئندہ سال بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرنا ہے ۔
اور اس کے لئے ہم ہر طرح سے بھرپورکوشش کریں گے اور پوری قوم کی توقعات پر پورا اترنا چاہتے ہیں کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اس کو پالش کرکے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے پوری کرنے کی کوشش کروں گا۔