باڈی بلڈنگ کوچنگ کے نام پر جعلساز متحرک ہیں:عاطف انور
کراچی(آئی این پی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی تن ساز عاطف انور کا کہنا ہے کہ ملک میں جعلساز نوجوانوں کو شارٹ کٹ کے چکر میں ممنوعہ ادویات استعمال کرا رہے ہیں، جو باڈی بلڈنگ کے خواہشمند افراد کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی تن ساز عاطف انور ’آرنلڈ کلاسک‘ ٹائٹل جیت چکے ہیں اور ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔میڈیاسے گفتگو میں عاطف انور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باڈی بلڈنگ کوچنگ کے نام پر جعلساز متحرک ہیں جو نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔عاطف انور نے پاکستان میں باڈی بلڈنگ کے گرتے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت تن سازوں کو بلا معاوضہ رہنمائی دینے کو تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کے لیے مزید ٹائٹل جیتنے کی کوشش میں مصروف ہیں اور اس کے لیے رواں برس شیڈول بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کر رہے ہیں۔