ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں:جان شیر خان

ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں:جان شیر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آئی این پی) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی ادارے کھیلوں کا معیار بہتربنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور حکومت انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے ۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سہولیات فراہم اور حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سکواش کے کورٹ تعمیر کروائے جائیں جس میں ایک عام غریب کا بچہ بھی سکواش کھیل سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئرسٹاف چیف مارشل سہیل امان کی ملک میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی کے لئے بے پناہ خدمات ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سکواش فیڈریشن کو چاہئے کہ ضلعی سطح پرسکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات کے لئے گرمیوں کی چھٹیوں میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے جس سے نئے چہرے سامنے آ سکتے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو وہ مقام نہیں مل رہا ہے جو دیگر ممالک میں مل رہا ہے، حکومت انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور ہمارے ہاں کئی کئی سالوں تک ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرحان محبوب نے گذشتہ برس کئی انٹر نیشنل ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ابھی تک ان کی کوئی خاص حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔