ملکی کرکٹ کی بحالی : پی سی بی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے پر امید

ملکی کرکٹ کی بحالی : پی سی بی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے پر امید

لاہور(افضل افتخار)پاکستان کرکٹ بورڈدورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے پر امید ہے کہ اس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھرپور مدد ملے گی اور جب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کھیلنے کیلئے آئیں گے تو اس سے پاکستان میں کرکٹ کو بھی بہت فائدہ ہوگا ، میچز کا انعقاد لاہور، کراچی میں ہوگا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ دورہ کے لئے تشکیل دی جانے والی ٹیم میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے اور اس کے لئے میرٹ پر کھلاڑیوں کا چناؤ کیا جائے گا تاکہ حریف ٹیم کو ٹف ٹائم دیا جاسکے ۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بھی میچ میں شرکت کرنے کے لئے پر تولنے شروع کردئیے ہیں اور اس حوالے سے کہا جارہا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان سے بھی دبئی میں ملاقات کریں گے جس میں ان کی اس میچ میں شمولیت کے بارے میں بات چیت کی جائے گی جس کے بعد ان کی میچ میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ ذرائع کے مطابق ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے لئے بھی بات چیت چل رہی ہے ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے شاہد آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری میچ کھیلنے کی تجویز دی تھی جس پر عمل نہیں ہوسکا جبکہ پی سی بی ذرائع کے مطابق کہنا ہے کہ دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام انگلش کرکٹ بورڈ کے صدرجائلز کلارک سے بھی سائیڈ لائنز پر بات چیت کریں گے اس میٹنگ کا مقصد ستمبر میں ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو ہر صورت ممکن بنانا ہے تاکہ پاکستان میں شائقین کرکٹ ان سٹار کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں جبکہ اس میٹنگ میں جائلز کلارک سے پوچھا جائے گا کہ ورلڈ الیون میں کون کون سے کھلاڑیوں کو شامل کیا جارہاہے اور اس دورہ پر کتنے اخراجات کئے جارہے ہیں ان سے یہ سب معلومات حاصل کی جائیں گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی