یہودی مراکزکو دھمکیاں،امریکی عدالت سے اسرائیلی شہری ملزم قرار
واشنگٹن (این این آئی)امریکا کی ایک عدالت نے باضابطہ طور پرایک 18 سالہ اسرائیلی نڑاد امریکی پر تین ملکوں میں یہودیوں کے مراکز پرحملوں کا الزام عاید کیا ہے۔ 23 مارچ 2017ء سے اسرائیل میں گرفتار مائیکل رون ڈیوڈ کیدار پر الزام ہے کہ اس نے موبائل فون سے یہودی تنظیموں اور مراکز کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دھمکی آمیز پیغامات ارسال کیے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وفاقی تحقیقات ادارے کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے ایک بیان میں کہا کہ مائیکل کیدار کے دھمکی آمیز پیغامات محض دھوکہ نہیں بلکہ یہ وفاقی سطح کا ایک سنگین جرم تھا۔ ملزم کو اب عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔امریکی وزارت انصاف کی طرف سے جیمزکومی کا ایک بیان نقل کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہودی تنظیموں اور مراکز پر حملوں کی دھمکیاں دینے والے اسرائیلی کے خلاف مقدمہ کی کارروائی جاری ہے۔ تاہم بیان میں یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا کہ امریکا کیدار کو اسرائیل سے حوالے کرنے کا مطالبہ کرے گا یا نہیں۔یہودی مراکز پرحملوں کے مبینہ دھمکی آمیز پیغام جاری کرنے کے الزام کا سامنا کرنے والے اسرائیلی مائیکل کیدار پریہ الزام ہے کہ اس نے تین ملکوں امریکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں یہودی مراکز کو حملوں کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔