عراقی فورسز نے موصل میں داعش کی اہم دستاویزات اور دیگر ریکارڈ برآمد کر لیا
بغداد (اے پی پی) عراق کی انسداد دہشتگردی فورسز کو شمالی شہر موصل کے مغربی حصے میں داعش کے ایک ٹھکانے سے اس تنظیم کی اہم دستاویزات اور ریکارڈ ملا ہے۔ ان میں داعش کے ارکان کی تصاویر ،برقی آلات اور دوسری چیزیں شامل ہیں۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی فوج کے میجر جنرل معدن السعدی نے کہا ہے کہ موصل کے مغربی حصے میں انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران عراقی فورسز شدید فائرنگ کی زد میں آئیں، اس دوران عراقی فورسز ایک عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئیں اور وہاں انھیں یہ پتا چلا تھا کہ یہ مکان داعش کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انھیں وہاں سے دہشت گرد ارکان اور ان کے لیڈروں کے نام اور جگہوں کے بارے میں مفید معلومات حاصل ہوئی ہیں۔جنرل سعدی نے مزید بتایا کہ داعش کے اس ٹھکانے سے ڈیوائسز ،کمپیوٹرز ، نقشے اور کتابیں ملی ہیں۔ان میں گائیڈڈ میزائل چلانے کے بارے میں ہدایات بھی درج تھیں ۔