بلدیاتی اداروں کے تعاون سے رمضان بازاروں کا جال بچھایا جائے گا :منشاء اللہ بٹ
لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں عوام کو ہر قسم کی سبزیوں پھل اور اشیاء خورد و نوش و ضروریہ کی فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کے تعاون سے رمضان بازاروں کا جال بچھایا جا ئے گا،اس سلسلے میں پیپر ورک تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے،عوام کی سہولت کیلئے گزشتہ برسوں سے بڑھ کر انتظامات کیے جائیں گے اور اشیاء صرف کی قیمتوں میں استحکام کیلئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،معیاری اشیاء صرف کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اگر کہیں بھی اس ضمن میں کوئی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ انتظامیہ کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کیے گئے اقدامات کی سختی سے نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام ترتیب دے رہی ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں 300سے زائد رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 27ماڈل بازار بھی رمضان بازاروں کے طورپر کام کریں گے۔ عوام کو معیاری اشیاء خوردونوش کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہو گی اوراس حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور ذخیرہ اندوزی کی شکایات پر متعلقہ کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ذمہ دار ہوں گے۔ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کیلئے سحری و افطاری کیلئے دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں کسی بھی پھل، سبزی یا دال کی قلت پیدا نہیں ہونی دی جائے گی ۔اس ضمن میں متعلقہ محکمے پیشگی اقدامات کرکے جامع میکانزم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں محکمہ زراعت کی فیئرپرائس شاپس بھی لگائی جائیں گی اور ان فیئرپرائس شاپس پر اشیاء مارکیٹ کی نسبت سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ رمضان المبارک کے دوران اٹھائے گئے اقدامات کامقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے ا س سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ معیار پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اشیائے ضروریہ کے معیار پرکسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہ ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کو ڈیجیٹل بورڈ کے ذریعے ڈسپلے کیا جائے گا اور رمضان بازاروں میں آنیوالے شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی۔ لاہور کی پرائس کنٹرول کمیٹی کی صدارت لارڈ میئر اور کمشنر لاہور ڈویژن مشترکہ طور پر کریں گے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں میئر یا چیئرمین ضلع کونسل ڈپٹی کمشنر کیساتھ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔