ہزروں افغان طالبان جنگجو جرمنی میں پناہ کے متلاشی ہیں: جرمن جریدہ
برلن(این این آئی)پناہ کی تلاش میں جرمنی کا رخ کرنے والے افغان تارکین وطن میں سے ہزاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں بطور جنگجو طالبان کے ساتھ شامل رہے ہیں۔ جرمن ادارے اب تک ایسے ستر سے زائد مہاجرین کی تصدیق کر چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن سکیورٹی ایجنسیوں اور جرمنی کے وفاقی دفتر برائے مہاجرت و ترک وطن (بی اے ایم ایف) کو ایک نئی صورت حال کا سامنا ہے۔2015 میں مہاجرین کا بحران شروع ہونے کے بعد سے جرمنی میں پناہ کے متلاشی افغان شہریوں میں سے ہزاروں افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے بی اے ایم ایف کو انٹرویو دیتے وقت دعویٰ کیا کہ وہ ماضی میں افغانستان میں طالبان سے وابستہ جنگجو رہ چکے ہیں کہ پناہ کی درخواستوں کے بعد لیے جانے والے انٹرویوز میں ہزاروں افغان شہریوں نے بتایا کہ وہ یا تو افغان طالبان کے ساتھ رابطے میں رہ چکے ہیں، یا پھر اس شدت پسند گروہ کے ساتھ مل کر ’جہادی کارروائیوں‘ میں بطور جنگجو شریک رہے ہیں۔جرمنی کا وفاقی دفتر استغاثہ پہلے ہی ایسے ستر سے زائد افراد کی نشاندہی اور تصدیق کر چکا ہے جو افغانستان میں طالبان کا حصہ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں جرمنی میں ایسے چھ افغان شہریوں سے تفتیش کی جا رہی ہے جو مبینہ طور پر طالبان کے جنگجو ہیں۔ آئندہ دنوں میں جرمن دارالحکومت برلن اور کوبلنز شہر کی عدالتوں میں دو افغان تارکین وطن کے خلاف مقدمہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب جرمن ادارے یہ جاننے کی کوشش بھی کر رہے ہیں کہ ہزاروں افغان مہاجرین خود ہی طالبان کا رکن ہونے کا دعویٰ کیوں کر رہے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ایسے دعوے کرنے والے واقعی ماضی میں طالبان کے جنگجو رہے ہیں۔