یونائیٹڈ کونسل کے چیرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد کی زیر صدارت سیمینار
لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد کی زیر صدارت سیمینارمیں مشترکہ اعلامیہ کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ وطن عزیز میں ملک دشمن ایجنسیاں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے سیاسی، معاشی اور معاشرتی عدم استحکام پیدا کرنا اور اسلام کو بدنام کرنا چاہتی ہیں۔
ایسی منفی سرگرمیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن ردالفساد کی حمایت کرتے ہیں ۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تعاون موجود ہے، مخصوص سیاسی ذہنیت کا میڈیا اور سیاسی جماعتیں پروپیگنڈہ کرکے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔چئیرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد کی زیر صدارت سیمینار کے شرنے حال ہی میں دہشت گرد تنظیم کے ترجمان احسان اللہ احسان کی گرفتاری پر افواج پاکستان کے دہشت گردی کے خاتمے میں قربانیوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ ابھی تک بھٹکے ہوئے لوگ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے خلاف کارروائیاں چھوڑ کر باقی دہشت گرد تنظیموں کی طر ح و ہ بھی ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں۔نیز1980ء کی دہائی سے فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث کالعدم تنظیمیں بھی اپنی روش اورپالیسی کو تبدیل کرنے کو تیارہوں تو ان کے لئے بھی راستہ نکالنا اور سدھرنے کا موقع دینا سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔اعلامیہ میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی کا عالمی برادری نے ابھی تک سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیاجبکہ عالم اسلام سے متعلقہ دیگر امور پربھی عالمی بے حسی چھائی ہوئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک میں نوجوانوں نے واضح کردیا ہے کہ وہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھی حق خود ارادیت کا دفاع کریں گے۔ اس حوالے سے سیمینار کے شرکا مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا کے فیصلے پر بھارتی واویلے کو مسترد کرنے اور سکیورٹی فورسز سے اظہار یکجہتی کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے۔نیر حریت کانفرنس کے رہنماوں کی رہائی اور عالمی برادری سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔سیمینار میں کہا گیا کہ نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ بھارت کے اندر بھی مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے۔عالمی برادری گاو ذبح پر مسلمانوں کے ساتھ نارروا سلوک اوراسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف ریاستی الزامات اور اقدامات کا بھی نوٹس لے۔