کشمیری نوجوانوں کی شہادت اوربچی سے زیادتی کی شدید مذمت کرتے ہیں،محمد میاں سومرو

کشمیری نوجوانوں کی شہادت اوربچی سے زیادتی کی شدید مذمت کرتے ہیں،محمد میاں ...

  



لاہور(پ ر )یوتھ فورم فار کشمیر کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت سرپرست اعلیٰ سابق چیئرمین سینٹ،وزیراعظم پاکستان محمد میاں سومرو لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیر میں نوجوانوں کوشہید کرنے اور ایک معصوم کشمیری بچی کے ساتھ زیادتی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے کہا کہ بچی کے ساتھ زیادتی کے دل خراش واقعہ سے بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔بھارت کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے کھل کر سامنے آگئے ہیں کہ وہ جدو جہد آزادی کی تحریک کو دبانے کے لیے کسی حد تک بھی جا سکتا ہے۔

محمد میاں سومرو نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور خصوصی طور پر عورتوں اور بچوں کے ساتھ ہونے والے مظالم فوری طور پر بند کرائے انہوں نے کہاکہ حق خود ارادیت ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے اقوام متحدہ کشمیرمیں رائے شماری کیلئے اپنی قرار دادوں پر عمل کروائے۔اجلاس میں طارق احسان غوری،قسور سعیدمرزا،نواب ریاض حسین قریشی ،ڈاکٹر عمران اپل سمیت ڈسٹرکٹ صدر ،سیکرٹری اور کور کمیٹی کے عہدیداران نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4