موٹر وے پرٹرالے کی صدر پی ایم ایس اے کی گاڑی الٹانے کی کوشش

موٹر وے پرٹرالے کی صدر پی ایم ایس اے کی گاڑی الٹانے کی کوشش

لاہور(خبرنگار) موٹر وے پر تیز رفتار ٹرالر کے ڈرائیور کی پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے صدر ارشد بٹ کی گاڑی کو تین چار بار ٹکرانے کی کوشش تاہم کار سوار فیملی بال بال بچ گئی، موٹر وے پولیس کو بار بار کال کرنے کے باوجود کوئی اہلکارمدد کو نہ پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے صدر محمد ارشد بٹ اپنی فیملی کے ہمراہ کار( BRB-5577) پر سوار ہو کر اسلام آباد سے واپس لاہور آ رہے تھے، گجرات کے قریب سہ پہر موٹروے پر ایک تیز رفتار ٹرالر( LR-8349 ) کے ڈرائیور نے انہیں تین چارمرتبہ پیچھے سے ٹکرانے کی کوشش کی جس پر کار سوار فیملی نے موٹر وے پولیس ایمرجنسی نمبر130 پر بار بار اطلاع دی ،پولیس موقع پر نہ پہنچی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈرائیور اپنی گاڑی سمیت گجرات ٹول پلازہ کراس کرتے ہی فرار ہو گیا۔ موٹر وے پولیس کے بروقت نہ پہنچنے پر متاثرین سراپا احتجا ج بن گئے۔ پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے صدر محمد ارشد بٹ اور ان کی فیملی نے ملزم کیخلاف سخت کارروائی ،واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

مزید : علاقائی