مسلم لیگ (ن) والے پاناما کیس کا فیصلہ پڑھ لیتے تو مٹھائیاں تقسیم نہ کرتے :شاہ محمود قریشی

مسلم لیگ (ن) والے پاناما کیس کا فیصلہ پڑھ لیتے تو مٹھائیاں تقسیم نہ کرتے :شاہ ...

 ملتان(اے این این)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے مسلم لیگ ن والوں کی جانب سے وزیراعظم کیخلاف فیصلے پر مٹھائیاں تقسیم کرنا عجیب منطق ہے ، تحریک انصاف سمیت تمام جماعتیں نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ کررہی ہیں ، عوام 28اپریل کو اسلام آباد جلسے میں شرکت کریں ، ہم خیال تمام جماعتوں کو بھی ویلکم کرینگے ،سندھ میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ، کراچی میں امن وامان کی صورتحال سب کے سامنے ہے ۔ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا بھر پور استقبال پر دادو اور سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سندھ کے عوام کو بجلی، پانی ،خوراک سمیت کچھ بھی میسر نہیں، اقتدار میں آکرسندھ کے عوام کو تمام بنیادی سہو لیا ت فراہم کرینگے اہل سند ھ کو دیکھ کر محسوس ہوا کہ انہیں قیادت کی ضرورت ہے۔ عوام کی کوششوں سے پاناما کا فیصلہ آگیا ہے اور کیس پر پوری قوم نے تحریک انصاف کا ساتھ دیا جبکہ سپریم کورٹ کے ججز نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزیر اعظم کو نااہل قرار دے ،باقی تین ججز نے وزیر اعظم کی تفصیلی تلاشی کا حکم دیا مگر اس باوجود لیگی رہنما مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں جو انوکھا عمل ہے اگر ن لیگ والے مٹھائی تقسیم کرنے سے پہلے فیصلہ پڑھ لیتے تو ایسا نہ کرتے ۔ تمام سیاسی جماعتیں وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کررہی ہیں،لاہور بار نے وزیر اعظم کو سات دن کی مہلت دی ہے اورمستعفی نہ ہونے پر وکلا بھی اپنا لائحہ عمل بنائیں گے،جو جماعت ہماری سوچ سے اتفاق کرتی ہے اسے خوش آمدید کہیں گے۔ وزیر اعظم جے آئی ٹی کے سامنے کیسے پیش ہوں گے یہ سوالیہ نشان ہے تاہم وزیر اعظم کی موجودگی میں جے آئی ٹی کیسے کام کرے گی وقت آنے پر پتہ چلے گا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کے بیان پر ردعمل بھی نہیں دینا چاہتا۔ اسلام آباد کے جلسے میں عمران خان لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور پاناما فیصلے کی اردو ترجمے والی کاپیاں بھی عوام میں تقسیم کریں گے تاکہ عوام کو مزید اس حوالے سے آگاہ کیا جاسکے ۔

شاہ محمود قریشی

مزید : علاقائی