اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے : شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورشعبہ صحت میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کا مشن ہر قیمت پر پورا کریں گے ۔ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام صوبے کے چار اضلاع میں کامیابی سے جاری ہے اوراس پروگرام کا دائرہ صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ادویات کی خریداری ،ترسیل اور تقسیم کا جدید نظام متعارف کرایا ہے اوراس نئے نظام سے ادویات کی خرد برد اور جعلی و غیر معیاری ادویات کے دھندے کاخاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ادویات کے نمونے تجزیے کے لئے غیر ملکی لیبز میں بھجوائے جا رہے ہیں اورادویات کے نمونے اکٹھے کرنے اور تجزیے کیلئے بھجوانے میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ادویات کی خریداری ، ترسیل اور تقسیم کا جدید نظام مریضوں کو معیاری ادویات کی فراہمی کی جانب اہم اقدام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں ۔ ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینوں کی تنصیب سے مریضوں کو 24 گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت ملے گی۔ وزیراعلی نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں نصب ڈائلسز مشینوں کا آڈٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں میں نیفرالوجسٹ کی کمی دور کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس دور دراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر مہیا کر رہے ہیں ۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ مزید موبائل ہیلتھ یونٹس کی خریداری کا عمل تیز ی سے مکمل کیا جائے ۔ ڈی جی ریسکیو 1122 نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پرانی ایمبولینسز کی نیلامی کے تمام انتظامات کر لئے گئے ہیں اور81 ناکارہ ایمبولینسز کی نیلامی اسی ماہ ہو گی۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، طبی ماہرین اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور اوڑھنا بچھونا عوام کی خدمت ہے ۔ وزیراعظم کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق عوامی خدمت کا ایجنڈا کامیابی سے آگے بڑھایا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 2013ء کے انتخابات میں عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھی ہے اور عوام سے کئے گئے ہروعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ رواں سال وعدوں کی تکمیل کا سال ہے ۔ جاری توانائی منصوبوں کی تکمیل سے اس سال کے آخر تک ملک سے ہمیشہ کیلئے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی اور محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان دنیا کا عظیم ترین ملک بنے گا ۔باشعور عوام ترقی و خوشحالی کی مخالفت کی سیاست کرنے والوں کا 2018ء کے عام انتخابات میں محاسبہ کریں گے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارآج یہاں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وسائل کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا ہے ۔ ماضی کے 70برس کے دوران قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیااوروسائل کی بندر بانٹ کر کے قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیاگیا۔ شہباز شریف سے چائنہ ریلوے، نورینکو کے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے پراجیکٹ مینجر ذوپین فائی نے ملاقات کی۔ملاقات میں لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔چائنہ ریلوے، نورینکو کے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے پراجیکٹ مینجر ذوپین فائی نے پراجیکٹ کے سول ورکس کے اعلی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں میٹرو ٹرین کے منصوبے پر بہترین انداز میں اعلی معیارسے کام ہو رہا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شہباز شریف