بلوچستان : بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4ایف سی اہلکار ، مہمند میں ایک خاصہ دار شہید

بلوچستان : بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4ایف سی اہلکار ، مہمند میں ایک خاصہ دار ...

  



کوئٹہ228مہمند ایجنسی( مانیٹرنگ ڈیسک /ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے مند کے قریب سڑک کنارے نصب بارود ی سرنگ کے دھماکے میں 4ایف سی اہلکار شہید اور تین شدید زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ پہنچا دیا گیا ،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ کیچ کے علاقے میں 2افراد کو ہلاک کردیا گیا۔ مند کے قریب فرنٹیئرکور( ایف سی) کا قافلہ معمول کے مطابق گشت کررہا تھا کہ اچانک ان کی گاڑی شرپسندوں کی جانب سے بچھائی گئی سڑک کنارے بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4ایف سی اہلکار شہید اور تین شدید زخمی ہوگئے ۔دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ پہنچایا ۔سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں آخری اطلاعات تک کوئی قابل ذکر گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ذرائع کے مطابق متعدد مشکوک افراد کو اس دوران حراست میں لیا گیا جنہیں پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ۔ لیویز ذرائع کے مطابق کیچ کے علاقے زعمران میں فائرنگ سے دو افراد حبیب اور مجاہد ہلاک ہو گئے ضلعی انتظامیہ کے ایک اہم ذریعہ نے بتایا کہ ہلاک ہونیوالے افراد منشیات فروش تھے ۔ دریں اثنامہمند ایجنسی میں تحصیل صافی علی نگر میں سڑک کنارے بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں خاصہ دار فورس کا اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں ایک سڑک کنارے بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے خاصہ دار فورس کا اہلکار شہیدہو گیا ہے جبکہ ایک زخمی اہلکار کو طبی امداد کیلئے باجوڑ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر ے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیاہے۔

ایف سی اہلکار

مزید : صفحہ اول