لوڈ شیڈنگ اکتوبر17 ء کو ختم ، مارچ18ء میں اضافی بجلی ہوگی: حکومتی ذرائع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں جاری بد ترین لوڈ شیڈنگ کا رواں سال اکتوبر تک مکمل طور پر خاتمہ ہو جائیگا جبکہ نیلم جہلم اور تربیلا ڈیم سے پیدا ہونیوالی بجلی سسٹم میں شامل ہونے کے بعد مارچ18ء میں پاکستان کے پاس 2 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی ہوگی، فرنس آئل او ر ڈیزل کے مقابلے میں ایل این جی اور کوئلے سے پیدا ہونیوالی بجلی کافی سستی ہوتی ہے جس کے باعث یہ بجلی سسٹم میں شامل ہونے کے بعد اسکی قیمت13ء کے مقابلے میں آدھی رہ جائے گی۔اہم ترین حکومتی ذرائع کے مطابق امسال اکتوبر تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا، رواں ماہ بھکی پاور پلانٹ سے 760 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی جبکہ مئی میں گدو سے 335 اور قادر پور کول پاور پلانٹ ساہیوال سے 660 میگاواٹ سسٹم میں شامل ہوگی۔ جون میں چشنپ سے 315 ، جولائی میں ایچ بی ایس سے 380، اگست میں ایچ بی ایس سے مزید 380 اور ساہیوال سے بھی مزید 660 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں ستمبر میں بلوکی سے 380 ، اکتوبر میں بھی بلوکی سے مزید 380 جبکہ دسمبر میں 660 میگاواٹ پورٹ قاسم، بھکی اور ایچ بی ایس سے 4 ، چار سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے امسال اختتام تک سسٹم میں مجموعی طور پر 5710 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس کے بعد ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔