پاکستان اور بھارت کورواں سال شنگھائی تعاون تنظیم کے مکمل ممبر کا درجہ دینے کا اعلان
آستانہ(آئی این پی ) چین نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کے مکمل ممبر کا درجہ دے دیا جائے گا،پاکستان اور بھارت کی شمولیت کے بعد بڑا علاقائی گروپ بن جائے گا،تنظیم کے ممبران کو استحکام اور ترقی کیلئے سیاست، سکیورٹی ، معیشت اور عوامی تبادلوں میں ہمہ جہت تعاون کو بڑھانا چاہیے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلا س میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ نئے مواقعوں اور چیلینجز کے پیشِ نظر شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبران کو سیاست، سیکورٹی ، معیشت اور عوامی تبادلوں میں ہمہ جہت تعاون کو بڑھانا چاہیے۔، ممبر ممالک کے استحکام اور ترقی کے لیے تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر پر دستخط کیے جانے کا پندرھواں سا ل ہے۔ یہ مساوی سلوک کے شنگھائی جذبے کا اظہارہے۔ سب کیلئے جیت کے یکساں مواقعوں اور فراخدلانہ رویوں کی وجہ سے یہ تنظیم بین الاقوامی تعاون کیلیے ایک نیا ماڈل ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ قیام کے بعد سے اس تنظیم نے ممبر مما لک کے ترقیاتی مفادات کی حفاظت اور ان کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا جون دہ ہزار سولہ میں بھارت اور پاکستان نے تنظیم میں شمولیت کیلیے ضرروی یاداشت پر دستخط کیے ہیں۔ امید ہے کہ رواں سال کے آخر تک دونوں ممالک کو مکمل ممبر کا درجہ دے دیا جائے گا۔ توسیع کے بعد یہ جغرافیائی لحاظ اور آبادی کے اعتبارسے سب سے سے بڑا علاقائی گروپ بن جائے گا۔