وزیراعظم انوکھے لاڈلے کے کہنے پر مستعفی نہیں ہونگے: سعد رفیق
لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے عمران خان کی سیاست نہ صرف ملک و قوم بلکہ انکی اپنی جماعت کیلئے بھی سود مند نہیں ،سیاسی مستقبل تاریک ہوتا دیکھ کر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں،نواز شریف کی قیادت میں ملک تر قی کی شاہراہ پر گامزن ہے جس کے ثبوت عالمی اداروں کی رپورٹس ہیں ۔ ایک انٹر ویو میں انکا مزید کہنا تھا کرپشن اور پیپلز پارٹی کا چولی د ا من کا ساتھ ہے اور پوری قوم اس سے آگاہ ہے ۔پیپلزپارٹی آج چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہے لیکن وہ اس سے اپنا اصل چہر ہ نہیں چھپا سکتے ۔ عمران خان نے سیاست میں عجیب طرح کا رویہ متعارف کرایا ہے ،انہیں نواز شریف فوبیا ہو گیا ہے، نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں وہ انوکھے لاڈلے کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں ۔ جمہوریت کے تسلسل کیلئے سب کو اپنے اپنے رویوں پر غور کرنا ہوگا ،جب ہماری قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا تو اسکا جواب بھی آئے گا ۔ عمران خان اپنی توانائیاں فضول سر گرمیوں میں خرچ کرنے کی بجائے خیبر پختو ا نخواہ پر توجہ دیں اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں کریں ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا خیبر پختوانخواہ اور پیپلز پارٹی کا سندھ سے صفایا ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں ۔