بھگت پورہ ، 11سالہ لڑکی گلے پر ڈور پھرنے سے شدید زخمی
لاہور ( خبر نگار) شادباغ کے علاقہ بھگت پورہ میں 11سالہ لڑکی گلے پر ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ فاخرہ اپنے والدیوسف کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ اچانک پتنگ کی کٹی ڈور گلے پر پھر گئی اور فاخرہ خون میں لت پت ہوکر موٹر سائیکل سے گر پڑی۔ محنت کش یوسف بیٹی کو خون میں لت پت دیکھ کر اپنے ہوش کھو بیٹھا۔موقع پر بڑی تعداد میں راہگیر اور اہل علاقہ جمع ہو گئے۔ راہگیروں نے ریسکیو 1122 پر کال کر کے 1122 کی منگوائی اور واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ زخمی لڑکی کو طبی امداد کے لئے میوہسپتال میں داخل کروادیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب پولیس رات گئے تک پتنگ باز کا سراغ نہ لگا سکی ہے اور نہ ہی پولیس نے کوئی کارروائی کی ہے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او شادباغ ابرار شاہ نے بتایا کہ واقعہ پر اعلیٰ پولیس افسروں نے نوٹس لے رکھا ہے اور پتنگ باز کی تلاش میں گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے ، امید ہے کہ اصل ملزم کاسراغ مل جائے گا۔