نوازشریف وزراء کو لگام ڈالیں
لاہور(اے این این) پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ( ن) لیگ والوں نے بد زبانی بند نہ کی تو بھرپور جواب دیں گے، وزیر اعظم اپنے وزرا ء کو لگام ڈالیں ورنہ ہم لیگی رہنماؤں کا حشر نشرکردیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی قیادت کیخلاف توہین آمیز رویہ ناقابل برداشت ہے اور جیالے کسی بھی صورت میں اپنے قائدین کی توہین برداشت نہیں کرسکتے اگر ہمارے کارکن ہمارے کنٹرول سے باہر ہو گئے تو پھر حالات کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا اور کوئی بھی انہیں نہیں روک سکے گا۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کی مزید شفاف تحقیقات کیلئے وزیر اعظم کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے تاکہ جے آئی ٹی بغیر کسی دباؤ کے آزادانہ تحقیقات کرسکے ۔اس موقع پر چوہدری منظور نے نیلم جہلم بجلی منصوبے میں مبینہ گھپلے کا انکشاف کیا کہ قومی خزانے کو 250 ارب وولٹ کا جھٹکا دیا جا رہا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنماں کا کہنا تھا کہ نوازشریف سپریم کورٹ میں خود کو سچا ثابت نہیں کر سکے ، دو ججوں نے کہا کہ وہ صادق اور امین نہیں رہے جبکہ تین نے مزید تحقیقات کا حکم دیا ، ن لیگ نجانے کس بات کی خوشی منا رہی ہے اور مٹھائیاں تقسیم کررہے ہیں ۔