چین کی ترقی کی اقوام عالم معترف، پاکستان اسا نمونے کو اپنانے کا خواہشمند ہے: حمزہ شہباز

چین کی ترقی کی اقوام عالم معترف، پاکستان اسا نمونے کو اپنانے کا خواہشمند ہے: ...

لاہور( اے این این )پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی زیر قیادت پاک چین دوستی لازوال اور عوام کے دلوں میں رچ بس چکی ہے چین کی ٹھوس بنیادوں پر ہونے والی ترقی کی اقوام عالم معترف ہے ہم چین کی ترقی کے اس نمونے کو اپنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاک چین اشتراک سے بننے والے اقتصادی راہداری سے لے کر پاور اور انفراسٹکچر کے منصوبے خوشحالی اور ترقی کی نئی نوید لا رہے ہیں اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان بین الااقوامی سطح پر اہم مقام حاصل کرلے گا۔حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ممبر اور صوبائی سیکرٹری مسٹر لوژنگ شی کی قیادت میںآنے والے 9رکنی وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اور دو طرفہ امور کی بہتر ی کے لئے یاد گارحیثیت رکھتے ہیں خود مختاری ،باہمی اعتماد اور محنت جسے آفاقی اصولوں پر مبنی یہ تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم چین کی تجربات سے استفادہ کررہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے چین کی ڈائیلاگ کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی ، علیحدگی پسند ی اور شدت پسند ی کی مذمت کرتے ہیں اورچین کو درپیش مسائل پر پاکستان اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو گراس روٹ سطح پر ترقی ملنا ہی اصل بہتر ی ہے جس کا پنجاب میں بھی حالیہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے ڈول ڈالا گیاہے ۔

مزید : صفحہ آخر