پیپلز پارٹی کا لیاری، مسلم لیگ ن کا کارساز تا پریس کلب جلوس، ایم کیو ایم کی سنوکر کراچی ریلی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں سیاسی جماعتوں نے اتوار کو ’’پاور شو ڈے ‘‘بنا دیا۔ کراچی میں دھرنے، مظاہرے اور ریلیاں جاری ہیں۔ متحدہ کی ’’سنو کراچی ریلی‘‘کی قیادت فاروق ستار نے کی ۔ پانامہ ہنگامے کے بعد کراچی میں سیاسی پارہ ہائی ہو گیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان شہر کے مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ لیاقت آباد دس نمبر سے "سنو کراچی ریلی" نکالی گئی۔ ریلی میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس کے باعث فائیو سٹار چورنگی سمیت کئی مقامات پر ٹریفک جام ہو گئی۔پیپلز پارٹی نے لیاری سے "نو نواز نو" ریلی نکالی۔ ریگل چوک پر دھرنا دیا گیا۔ پارٹی پرچم اٹھائے کارکن وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کرتے رہے۔ شرکاء نے کے الیکٹرک کا علامتی تابوت بھی اٹھا رکھا تھا۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ سمیت دیگر پانچ اضلاع میں بھی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔مسلم لیگ ن نے پانامہ فیصلے پر یوم تشکر منایا۔ مسلم لیگ ہاؤس کارساز سے ریلی نکالی گئی۔ شارع فیصل پر ریلی کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔دریں اثنا ء کراچی کے مسائل کے حل کیلئے مصطفیٰ کمال کی قیادت میں پی ایس پی نے پہلے ہی کئی روز سے پریس کلب کے باہر دھرنا دے رکھا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے ملین مارچ کی تیاری کر لی ہے، کہتے ہیں دس لاکھ افراد کو سڑکوں پر لا کر تمام مطالبات منوائیں گے۔لیاقت آباد، شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ اور ٹاور میں ریلیوں کے باعث جگہ جگہ ٹریفک جام رہی اور پولیس کہیں نظر نہ آئی ۔