احتجاج کرنیوالے لیڈر اپنے علاقوں میں لوگوں کے کنڈے ہٹوا کر میٹر لگوائیں: خواجہ آصف

احتجاج کرنیوالے لیڈر اپنے علاقوں میں لوگوں کے کنڈے ہٹوا کر میٹر لگوائیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این)وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی میں کتنا دم خم ہے وہ2018ء کے الیکشن میں پتہ چل جائیگا، سیاسی رہنما جلوس نکالنے کے بجائے اپنے علاقے کے لوگوں کوکنڈے ہٹانے اور میٹر لگوانے کی ترغیب دیں،جن علاقوں میں بجلی چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ ہی رہے گی،ایک ہفتے سے د س دن تک بجلی کی قلت رہی ، پچھلے دو تین روز سے صرف اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جبکہ انڈسٹری کیلئے زیرو لوڈشیڈنگ ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ احتجاج اورجلوس نکالنے کے بجائے سیاسی رہنمالوگوں کو بل ادا کرنے کی ترغیب دیں اور اپنے علاقے کے عوام کو کہیں کہ وہ کنڈے لگا کر بجلی چوری نہ کریں یہ قومی جرم ہے ، احتجاج کرنے والے لیڈر اپنے علاقوں میں لوگوں کے کنڈے ہٹواکر میٹر لگوائیں، عوام غلط ذرائع استعمال کر کے بجلی استعمال کرنے والوں کاساتھ نہ دیں۔ا نہوں نے کہا کہ بجلی چوری نہیں ہوگی توہی ملک میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال بہترہوتی جائے گی جن علاقوں میں 70فیصد سے زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے وہاں ہی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔سندھ بھر میں بجلی کی صورتحال بہتر ہوئی ، اب صرف اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے،پچھلے تین چار دن میں لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں صارفین باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں وہاں بجلی کی فراہمی مکمل ہے،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کہیں نہیں کی جارہی اورجن علاقوں میں احتجاج ہورہا ہے وہاں ہائی لاسز ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بجلی کی کل پیداوار 12948میگا واٹ ہے،دوپہرایک بجے بجلی کی ڈیمانڈ 17399میگاواٹ تھی جبکہ آج بجلی کا شارٹ فال 4451میگاواٹ ہے۔لوڈشیڈنگ تو پورے ملک میں ہورہی ہے، صرف ایک صوبے میں نہیں ،سندھ ، بلوچستان اور کے پی میں ابھی بھی بہت سے علاقوں میں وصولی میں مشکلات ہیں،بل ادا نہ کرنے والوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔ جیو نیوز کے پروگرام’’جرگہ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ میں حلفاً کہتا ہوں 2 ماہ پہلے عمرے پر گیا تو سعودی حکام نے وہاں سابق آرمی چیف راحیل شریف سے متعلق مجھ سے بات کی تھی ، وطن واپسی پر انھوں نے خط بھی لکھاجس پر حکومت پاکستان نے رضامندی کا اظہار کیا۔سعودی عرب ہمارا تاریخی دوست ہے ،ان سے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ راحیل شریف نے ہفتہ پہلے این او سی کے لئے درخواست دی تھی ، جس پر ہم نے قواعد اور ضوابط دیکھے،جی ایچ کیو نے منظوری دی ،میں نے بھی دستخط کیے اور پھروہ سعودی عرب چلے گئے۔سابق آرمی چیف ملٹری الائنس اگینسٹ ٹیررازم کے چیف ہوں گے،یہ تمام باتیں مئی میں طے ہوجائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ میں راحیل شریف کا احترام کرتا ہوں ،اور ان کو مکمل تحفظ بھی دیا جائے گا،ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر دفاع سے میری تین سے چار ملاقاتیں ہوئی ہیں،ان کے تحفظات دور کریں گے، یہ ہماری ذمہ داری اور فرض ہے کہ ان کے خدشات کو دور کیا جائے۔ ای سی اور کی کانفرنس کی کامیابی میں ایران نے بہت بڑا کردار ادا کیا،ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -