پی پی، نواز لیگ سے عوام مایوس، ظالم اسٹیٹس کو کیخلاف سب کو متحد ہونا پڑیگا: سراج الحق
لاہور( اے این این )امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے حکمرانوں کی آپس میں لڑائیاں محض ڈرامہ ہیں ، سپریم کورٹ کرپٹ اشر فیہ کااحتساب کرے، مارشل لاء کے بعد نام نہاد جمہوری نظام میں بھی چند خاندان نظرآتے ہیں ،پاناما سکینڈل میں آنیوالے تمام ناموں کا احتساب ہونا چاہیے ،پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن نے عوام کوسوبارسبز باغ دکھائے، ہمیشہ جھوٹ بولا اور دھوکا کیا،کرپشن خاتمے کی وہی بات کرتے ہیں جنہوں نے اربوں کے قرضے معاف کرائے ،کسانوں ، مزدوروں کے بچوں کیلئے بھی ایوانوں کے دروازے کھلنے چاہیے، اسلا می انقلاب کے بغیر ملک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ظالم اسٹیٹس کو کیخلاف سب کو متحد ہونا پڑے گا۔ منصورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا جماعت اسلامی کسی ظالم ،وڈیرے یا نواب کی نہیں عام پاکستانیوں کی نظریاتی جماعت ہے۔ ن لیگ اور پی پی پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا عوام نے دونوں جماعتوں کو کئی بار مواقع دئیے مگر ان کا ایجنڈہ عوام کی خدمت کے بجائے لوٹ مار کرکے اپنی نسلوں کیلئے پیسہ بنانا رہا۔ سراج الحق نے کہا قائداعظمؒ کی رحلت کے بعد ان لوگوں نے پاکستان پر قبضہ کیا جو ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلام تھے،ملک کے غریب لوگ جرم ضعیفی کے شکار ہو گئے ہیں، اسلئے انکے خون کی کوئی قیمت نہیں۔ حکمران مغل شہزادوں کے محلوں کا طواف کرنا چھوڑ دیں۔
سراج الحق