سید علی گیلانی کی کتاب کی تقریب رونمائی پر پابندی لگادی گئی

سید علی گیلانی کی کتاب کی تقریب رونمائی پر پابندی لگادی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر پولیس نے سید علی گیلانی کی کتاب کی تقریب رونمائی پر پابندی لگادی اورتحریک حریت کے صدر دفتر کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔ اس پابندی کے خلاف حیدرپورہ جامع مسجد کے باہر لوگوں نے احتجاج کیا اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ حریت ترجمان ایاز اکبر نے ’’کتاب اجرائی‘‘ تقریب پر پابندی کو آزادئ اظہارِ رائے پر پابندی اور ریاستی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ پولیس کی اس ایکشن کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز تھا اور نہ اس کی بظاہر کوئی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج گیلانی صاحب کی تحقیقی نوعیت کی تصنیف ’’اقبالؒ ...روحِ دین کا شناسا‘‘ کی تیسری جلد کی تقریب رونمائی انجام دی جارہی تھی۔ یہ ایک اکیڈمک (Accadamic)نوعیت کی سادہ تقریب تھی، جس میں کئی سرکردہ اہل علم مدعو کئے گئے تھے۔ یہ تقریب چار دیواری کے اندر منعقد ہورہی تھی اور اس سے امن وقانون کا مسئلہ پیدا ہونے والا تھا اور نہ ٹریفک کی آوا جاہی میں کوئی خلل واقع ہونے کا خطرہ تھا۔ البتہ یہ سب جانتے ہوئے بھی پولیس نے اس پر پابندی لگادی اور تحریک حریت دفتر اور گیلانی صاحب کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو صبح تڑکے سے ہی سیل کردیا گیا۔