نواز شریف استعفیٰ دیں ،پیپلز پارٹی سے مایوس سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں:شاہ محمود قریشی
ملتان (سٹی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہاہے کہ ملک کے دیگر صوبوں سمیت سندھ میں بھی پی ٹی آئی کے لئے راہ ہموار ہو رہی ہے مٹھائیاں تقسیم کرنے والے پانامہ کیس کے فیصلے کا مطالعہ کر لیتے تو انہیں مٹھائیاں تقسیم کرنے کی نوبت پیش نہ آتی پی ٹی آئی 28اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کریں گے جس میں کارکنوں اور عوام کو فیصلہ کی اردو میں ترجمہ کراکے کاپیاں تقسیم کی جائیں گی کہ وہ اس فیصلہ بارے اپنی رائے دیں پی ٹی آئی نے پانامہ بارے جو موقف دیا ہے وہی موقف پیپلز پارٹی کا ہے سندھ کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ و ہ پیپلز پارٹی سے مایوس ہو چکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سے ملتان آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ دادو سندھ کی عوام نے پی ٹی آئی کی قیادت کو احساس دلایا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں جنہیں نہ تو صاف پینے کی سہولت میسر ہے نہ روزگار ہے عام شہریوں کو ضروریات زندگی تک میسر نہیں ہیں بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے اقرباپروری کی یہ حالت ہے کہ ہر محکمے میں سیاسی مداخلت ہے کرپشن اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ سے لوگ پریشان حال ہیں سندھ تبدیلی کے لئے تیار ہے مگر رابطے کا فقدان ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی باشعور عوام نے پی ٹی آئی کا 2016اپریل سے 2017 اپریل تک ساتھ دیا پانامہ کیس کے حوالے سے عوام نے بھرپور ساتھ دیا جب فیصلہ آیا تو یہی تاثر دیا گیا کہ حکومت وقت کے حق میں فیصلہ دیا گیا ہے شہر شہر لیگی کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں انہوں نے کہا کہ دو ججز صاحبان کا میاں نواز شریف کی نااہلی بارے فیصلہ واضح ہے جس پر ان کی اہلیت بارے سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے تاہم اب ان کی جے آئی ٹی کے سامنے تحقیقات ہوں گی لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف مستعفی ہوں تاکہ وہ تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی پر اثر انداز نہ ہوں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سب سے بڑی بار نے بھی وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سات دن کی مہلت دی ہے کہ وہ مستعفی ہوجائیں ورنہ ملک کی وکلاء برادری اپنا لائحہ عمل مرتب کرے گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا موقف یکجا ہے تاہم ہماری لڑائی کرپشن کے خلاف ہے کرپشن کی زد میں جو بھی آتا ہے اس کے خلاف ضرور کاروائی کی جائے۔
شاہ محمود قریشی