فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں:نثار کھوڑو

فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں:نثار کھوڑو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے فیصلوں نے ثابت کردیا ہے کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے ہیں۔ اس لئے وہ ازخود مستعفی ہوجائیں ورنہ قوم گو نواز گو تحریک کے ذریعے انہیں گھر بھیج دے گی۔ اگر وزیراعظم نے استعفیٰ نہیں دیا تو پورے ملک میں گو نواز گو تحریک کے تحت نواز شریف کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور دھرنے دیئے جائیں گے۔ نواز شریف کی رخصتی تک یہ تحریک جاری رہے گی۔ جب کسی کے خلاف مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بنتی ہے تو وہ ایماندار آدمی نہیں ہوتا بلکہ ملزم ہوتا ہے۔ عدالت نے نواز شریف کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نواز شریف کے پاس یہ آپشن بچتا ہے کہ وہ استعفیٰ دے کر ان الزامات کا سامنا کریں۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کو پیپلز پارٹی کے تحت گو نواز گو تحریک، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، سوئی گیس کی بندش کے حوالے سے حسن اسکوائر ضلع ایسٹ، ریگل چوک ضلع ساؤتھ، پریس کلب ملیر، حیدری چوک ضلع وسطی، عیدگاہ آفس ضلع غربی پانچ نمبر اورنگی میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر سعید غنی، ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، ایم این اے عبدالحکیم بلوچ ، شہلا رضا، ظفر صدیقی، غلام مرتضیٰ بلوچ، ایم کے جاوید ناگوری، جاوید شیخ، خلیل ہوت، اقبال ساند، لیاقت آسکانی، ساجد علی جوکھیو اور دیگر رہنماؤں نے کیا۔ پیپلز پارٹی کی ضلعی تنظیموں نے الگ الگ مقامات پر گو نواز گو تحریک کے تحت احتجاجی مظاہرے کئے جس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر اور پارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر وفاقی حکومت اور نواز شریف کے خلاف نعرے درج تھے۔

مزید : کراچی صفحہ اول