بارش متاثرین کی دادرسی کیلئے سب کو میدان میں نکلنا ہو گا:حیدر ہوتی

بارش متاثرین کی دادرسی کیلئے سب کو میدان میں نکلنا ہو گا:حیدر ہوتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے پشاور سمیت صوبہ بھر اور قبائلی علاقوں میں حالیہ بارشوں سیّ ہونے والی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قدرتی آفت کے نتیجے میں 6سے زائد جاں بحق ہونیوالے افراد کیلئے مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کی وجہ سے قومی و ذاتی املاک کو نقصان پہنچنا افسوس ناک ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اپنی تمام توجہ متاثرین کو فوری امداد بہم پہنچانے کیلئے مرکوز کرنی چاہئے ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ذاتی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے دکھ کی اس گھڑی میں تمام غیر سرکاری تنظیموں کو بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تا کہ متاثرین کی داد رسی ہو سکے اور جس حد تک ممکن ہو سکے ان کی امداد کی جائے ،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دوسری چیز انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی فوری طور پر مالی امداد کی جائے ،اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ، انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی متاثرین کے دکھ اور تکلیف میں برابر کی شریک ہے اور پارٹی کسی طور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی سربراہی میں کمیٹی بنا کر نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے جبکہ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔