فلاح بہبود کے اہم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے :نوابزادہ عزیز اللہ خان علیزئی
ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ) ضلع ناظم نوابزادہ عزیز اللہ خان علیزئی نے کہا ہے کہ ضلع حکومت کڑی شموزئی سمیت ضلع بھر میں ترقیاتی کام کررہی ہے ۔ عوام کی خوشحالی اور علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے اہم منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ 2018ء کے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے دوستوں کی مشاور ت سے فیصلہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم کڑی شموزئی و نائب صدر انجمن تاجران شرقی سرکلر روڈ و کینٹ ایریا عبدالحکیم استرانہ سے کراچی ہوٹل پر ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے علاقائی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی ۔ عزیز اللہ خان علیزئی نے کہا کہ گلیوں و نالیوں کی تعمیر کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر بھی ہمارے منصوبوں میں شامل ہے ۔ اس کے علاوہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ عوام کا نمائندہ ہوں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کام جاری رکھوں گا ۔