چارسدہ ،پرائمری سطح کے 14ہزار بچوے سکولوں سے باہر
چارسدہ(بیورو رپورٹ)ضلع چارسدہ میں پرائمری سطح کے قابل ادخال 14ہزار بچے سکولوں سے باہر ۔ بچوں کو سکول میں داخل کرانے کے لئے حکمت عملی وضع کر دی گئی۔محکمہ تعلیم اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیویلپمنٹ چارسدکے تعاون سے داخلہ مہم کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے گی جس کا مقصد سکولوں سے باہر تمام بچوں کو سکولوں میں داخل کرانا ہے۔اس حوالے سے گزشتہ روز این سی ایچ ڈی اور محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ تعلیم زنانہ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زصوفیہ تبسم کے علاوہ محکمہ تعلیم کے اے ایس ڈی اوز اور این سی ایچ ڈی کے مرکز کو آرڈی نیٹر ز اور تحصیل سپورٹ آفیسرز نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم جدید دور کا بنیادی تقاضہ ہے۔ جسکا حصول ہر مرد اور عورت پر فرض ہے۔مگر آج بھی ہزاروں بچیاں سکولوں سے باہر ہیں۔جو ہم سب کیلئے ایک اجتماعی لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سال داخلہ مہم کو بھر پور انداز سے چلا کر 100 فیصد نتائج حا صل کرنے کی کوشش کی جائے ،اور مہم کے دوران ضلع بھر میں سکول سے باہر چار سال سے لیکر نو سال تک کے عمر کے تمام بچوں جن کی مجموعی تعداد 14ہزار کے قریب ہے جن میں 9000ہزار بچیاں اور 5000بچے شامل سکولوں میں داخل کئے جائینگے ، اس سلسلے میں خواتین اساتذہ ، منتخب نمائندوں اور با اثر افراد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس نازک صورتحال کا احساس کرتے ہوئے سکولوں سے باہر تمام بچیاں اپنے قریبی اداروں میں داخل کرانے کی کوشش کریں اور اپنا قومی فریضہ بطریق احسن ادا کریں ۔انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ تمام داخل شدہ بچیوں کو ڈراپ آوٹ ہونے سے روکے۔اس سلسلے میں سکولوں اور یونین کونسلوں کی سطح پر اگاہی مہم چلانے کی بھر پو ر کوشش کی جائے گی۔ سیمینار میں واضح کیا گیا کہ این سی ایچ ڈی ضلع بھر میں آگاہی مہم کے سلسلے میں بینرز ،پوسٹرز لگائیگی۔جبکہ داخلہ مہم کی کامیابی کیلئے علماء ،منتخب نمائندوں اور دیگر عمائدین علاقہ سے مدد لی جائیگی۔