جنوبی اضلاع میں بجلی نظام سی پیک میں شامل کیا جائے :ہمایوں سیف اللہ

جنوبی اضلاع میں بجلی نظام سی پیک میں شامل کیا جائے :ہمایوں سیف اللہ

لکی مروت(پ ر) سینئر پارلیمنٹرین ہمایون سیف اللہ خان اور سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان نے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بجلی کے تمام نظام کو سی پیک میں شامل کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات سے لاکھوں عوام مستفید ہوسکے۔جنوبی اضلاع میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کا نظام انتہائی بوسیدہ اورناکارہ ہوچکا ہے جسکی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں خلل معمول بن چکا ہے اور یہاں بے تحاشا لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لاکھوں عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سیف اللہ برادران نے کہا ہے کہ جنوبی اضلاع میں طویل لوڈشیڈنگ ،بجلی کی بوسیدہ تاریں اور ٹرانسمیشن لائنوں کی وجہ سے عوام شدید اذیت سے دوچار ہے لہذا اس صورتحال پر قابوپانے کیلئے بجلی نظام کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے اور یہ تب ممکن ہے جب اسے سی پیک کے ساتھ منسلک کیاجائے انہوں نے وفاقی حکومت کیساتھ صوبائی حکومت سے بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ جنوبی اضلاع کی بجلی نظام کو سی پیک کو شامل کرنا ایک مستحسن اقدام ہوگا ۔انہوں نے جنوبی اضلا ع کے چھ اضلاع کو بھی سی پیک میں شامل کرنے اوریہاں سی پیک کے تمام مراعات کو دینے کابھی پرزورمطالبہ کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر