نواز شریف کو مینڈیٹ عوام نے دیا ہے، نہال ہاشمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف کو مینڈیٹ سیاسی جماعتوں نے نہیں بلکہ عوام نے دیا ہے۔ کسی گو نواز گو تحریک کے دباؤ میں آکر نواز شریف مستعفیٰ نہیں ہوں گے۔ اگر چوروں، کرپشن زدہ ٹولوں اور وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے والے کھلاڑیوں نے مسلم لیگ کا مقابلہ کرنا ہے تو 2018ء کے انتخابات کا انتظار کریں ، جس نے عوام کی خدمت کی ہوگی۔ وہ ووٹوں کی بدولت مرکز اور صوبوں میں حکومتیں بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔ آصف علی زرداری اور عمران خان تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ ان کو مشورہ یہ ہے کہ زرداری صاحب سندھ اور خان صاحب خیبرپختوا کی حکومت پر توجہ دیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں کریں۔ گو نواز گو تحریک کا مقابلہ نواز شریف حمایت تحریک سے کیا جائے گا۔ پوری قوم کی مجبوری ہے نواز شریف کا وزیراعظم رہنا ضروری ہے۔ نواز شریف کے حق میں پورے ملک میں یکجہتی ریلیاں اور جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے تحت وزیراعظم نواز شریف حمایت ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بابو سرفراز خان جتوئی، سیکریٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی، سینیٹر سلیم ضیاء، منور رضا، خواجہ طارق نذیر اور دیگر رہنماؤں نے کیا۔ نواز شریف حمایت ریلی مسلم لیگ ہاؤس کارساز سے پریس کلب تک نکالی گئی۔