کمپیری ہنسو ہائر سکینڈری سکول کے 2سینئر اساتذہ میں مارکٹائی کا واقعہ پرنسپل نے انکوائری کمیٹی بنادی
ملتان(سٹاف رپورٹر )کمپری ہنسوہائر سیکنڈری سکول گلگشت کالونی کے 2سینئراساتذہ میں مارکٹائی کے واقعہ پر پرنسپل نے(بقیہ نمبر38صفحہ12پر )
انکوائری کمیٹی بنا دی ‘ دانتوں سے کاٹے جانے سے زخمی سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ تاحال سکول ڈیوٹی پر نہیں آسکے‘ تفصیل کے مطابق 3روز قبل گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری سکول گلگشت کالونی کے ایس ایس ٹی ٹیچراحسن ارشاد نے چھٹی کی اور اطلاع بھجوائی کہ ایمرجنسی طور پر فوتیدگی پر جانا پڑ رہا ہے پرنسپل محمد اکرم شاہ کی عدم موجودگی میں قائم مقام پرنسپل سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ نسیم عباس نے رخصت کو ماننے سے انکار کر دیا اور احسن ارشاد کو سکول ڈیوٹی پر آنے کو کہا مگر وہ نہ آئے اور اگلے دن جب وہ آئے تو ایس ایس ایس نسیم عباس کے ساتھ ان کی تکرار ہو گئی اور نوبت گالیوں اور ہاتھا پائی تک پہنچ گئی ‘ پرنسپل محمد اکرم شاہ کے کمرے کے سامنے دونوں سینئر اساتذہ گتھم گتھا ہو گئے ‘ ایک دوسرے کو گھونسے اور لاتیں ماریں ‘ احسن رشید نے ٹکریں بھی ماریں ‘ اس دوران پرنسپل محمد اکرم شاہ بھاگتے ہوئے آئے اور دونوں کو چھڑانے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر احسن ارشاد کا مکا پرنسپل محمد اکرم شاہ کو بھی لگ گیا‘ احسن ارشاد نے نسیم عباس کو دانتوں سے کاٹ لیا جس پر نسیم الرحمٰن کے جسم پر زخم بن گئے اور انہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا‘پرنسپل محمد اکرم شاہ نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے سینئر اساتذہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے ‘ دوسری جانب زخمی ایس ایس ایس نسیم عباس تاحال ڈیوٹی پر نہیں آئے‘ بتایا گیا ہے کہ دانتوں سے کاٹے جانے پر ان کے چہرے پرگہرے زخم آئے ہیں جس کے باعث وہ اپنا علاج کرا رہے ہیں۔