جلالپور پیر والہ‘ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم مبینہ پولیس مقابلہ میں مارا گیا
جلال پور پیر والہ (نامہ نگار) سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم غلام شبیر جانگلہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، تھانہ صدر پولیس کے مطابق گذشتہ رات کوٹلہ موڑ پر پولیس اہلکاروں نے ناکہ لگایا ہوا تھا کہ انہیں بذریعہ وائرلیس اطلاع ملی کہ موٹر سائیکل پرسوار 3 مشکوک افراد اسی (بقیہ نمبر17صفحہ12پر )
علاقے میں موجود ہیں کچھ دیر بعد یہ افراد ناکے کے سامنے سے گذرے تو انہیں رُکنے کا اشارہ کیا گیاان کے نہ رُکنے پر ان کا تعاقب کیا گیا جس پر موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی کچھ فاصلے بعد ایک ملزم کی لاش ملی جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکا تھا ملزم کی لاش کے قریب موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی موجود تھا جبکہ باقی 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے بعد ازاں ہلاک شدہ ملزم کی شناخت غلام شبیر جانگلہ کے طور پر ہوئی جو تھانہ صدر پولیس کو کئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔پولیس تھانہ صدر نے وقوعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔