50 کے قریب فیڈربند، ملتان میں طوفانی آندھی، بارش نے میپکو کی کارکردگی کا پول کھول دیا

50 کے قریب فیڈربند، ملتان میں طوفانی آندھی، بارش نے میپکو کی کارکردگی کا پول ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان میں آندھی اور بارش نے میپکو کے اربوں روپے کے منصوبوں کا پول کھول دیا ‘ 50کے قریب فیڈر بند ہو گئے ‘ساری رات مختلف علاقوں میں بجلی بحال نہ ہو سکی‘ صارفین عذاب میں آگئے ‘ تفصیل کے مطابق میپکو انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ صارفین کو بجلی کی سپلائی کی صورتحال بہتر بنا دی گئی ہے ‘ اربوں روپے کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں مگر صورتحال یہ ہے کہ اگر بارش کی چند بوندیں بھی گر جائیں تو کئی فیڈر بند ہو جاتے ہیں اور پھر بجلی کی بحالی کے انتظار میں صارفین کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ‘ ہفتے کی شام اور پھر ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات بارش اور آندھی نے میپکو کے سسٹم کی بہتری کے اربوں روپے کے منصوبوں کا پول کھول دیا ‘ معلوم ہواہے کہ میپکو کے50سے زائد فیڈر بند ہو گئے‘ ہفتہ کی شام تیز آندھی اور طوفانی بارش سے متاثر ہونیو الا نظام بحال نہیں ہو سکا‘ انفرادی شکایتوں کی تعداد ہزاروں میں پہنچ گئی‘میپکو انتظامیہ نے ایمرجنسی نافذ کر کے چھٹی کے روزبھی سٹاف کو ڈیوٹی پر بلا لیا اور شکایات کے ازالے کی کوششیں کی ‘ بیشتر فیڈر بحال ہوئے مگر چند ہی منٹوں کے بعد دوبارہ بند ہو گئے ‘ دیہات میں تو بری صورتحال ہو گئی ‘ بعض نواحی علاقوں میں تو اگلے روز بھی بجلی بحال نہیں ہو سکی‘ دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بھی صارفین کے سر پر سوار رہا ‘ بارش اور آندھی کے بعد جن علاقوں کی بجلی بحال ہوگئی وہاں لوڈشیڈنگ کی گئی‘ غرض یہ کہ صارفین کو چین کسی صورت میں نہیں ملا ‘ صارفین نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ حکومت آج تک بجلی کی فراہمی کا سسٹم ہی بہتر نہیں بنا سکی ‘ بارش کی چند بوندیں گرنے پر ہی سسٹم جواب دے جاتا ہے جس کے بعد بجلی کئی کئی گھنٹے بند رہتی ہے ‘ لوڈشیڈنگ کا بحران بھی ختم ہونے کے بجائے دن بدن بڑھ رہا ہے ‘حکام سسٹم کی بہتری کے دعوے کرتے ہیں لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے ۔