نیو انارکلی مارکیٹ کے گارمنٹس پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، کئی دکانوں کا سامان جل کر خاکستر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )نیو انارکلی میں واقع پلازہ میں آگ نے 10دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ۔ ریسکیو اور فائربریگیڈ دیر سے پہنچنے پر دکانداروں اور عملے میں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ابھی تک آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو انارکلی میں واقع گارمنٹس پلازہ میں آگ لگ گئی جس نے متعدد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا ۔واقعے کے بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا جو آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے جبکہ آگ کی شدت میں پہلے کی نسبت اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ نے پلازہ میں موجود 10دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ چار سے 5دکانوں میں موجود گارمنٹس کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے ۔آگ کے بعد پلازہ میں دھواں بھر گیا جس سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے ۔