وزیر اعظم نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے فوری خاتمے کی ہدایت کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری ختم کرنے کی ہدایت کردی ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی پیداوار کے منصوبوں اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر وزارت پٹرولیم کے حکام کی جانب سے بجلی کے پیداواری یونٹس کو تیل و گیس کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سابق سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا کو خصوصی طور پر بلا کر بجلی کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ لی گئی۔بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف نے بجلی کے پیداواری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملک بھر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا۔ کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی شرکت کی۔