ایجنٹس نے مبینہ طور پر بھارتی مسلمان خاتون کو سعودی عرب میں 3لاکھ روپے کے عوض فروخت کر دیا
چارمنار(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی شہر حیدرآباد کی ایک اور خاتون ایجنٹس کے دھوکے کا شکار ہو گئی ہے ،جو کہ سعود ی عرب میں کفیل کی جانب سے جنسی اور ذہنی ہراسگی کا شکار ہے ۔
تفصیلات کے مطابق 39سالہ سلمہ بیگم جو کہ حیدرآباد کے علاقے ببن نگر کی رہائشی ہے ،اسے مبینہ طور پر اکرم اور شفیع نامی شہری کی جانب سے گھریلوملازمہ کی نوکری کیلئے 21جنوری 2017کو سعودی عرب بھیجا گیا تھا ۔سلمہ بیگم کی بیٹی سمینہ نے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی والدہ کو اکرم اور شفیع نے دھوکہ دیاہے اور وہ مصیبت میں ہیں ،وہ گھر واپس آنا چاہتی ہیں لیکن ان کا کفیل انہیں وطن واپس نہیں آ نے دے رہا ،حالانکہ ایجنٹ اکرم سے مل کر میں نے اس سے درخواست بھی کی تھی کہ میری ماں کو واپس لے آﺅ لیکن اس نے کچھ بھی کرنے سے انکار کر دیا ۔جس کے بعد ہم نے پولیس سے رابطہ کیا لیکن پولیس بھی اس چیز پر خاموش ہے اور کچھ کرنے سے قاصر نظر آ رہی ہے ۔
سمینہ نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی والدہ کو کفیل کے ہاتھوں تین لاکھ روپے میں فروخت کر دیا گیاہے ،یہ جنسی ہراساں کرنے کا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب اس کی والدہ نے سعودی کفیل سے نکاح بن متاع کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعدمیری والدہ نے جیسے تیسے کر کے مجھے اس سارے معاملے کی اطلاع دی کہ اسے ایجنٹوں نے کفیل کو بیچ دیاہے ۔ہم نے پولیس کو بھی اس سے آگاہ کیا لیکن پولیس نے اکرم اور شفیع کے حوالے سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی اور پولیس نے اکرم کو صرف ایک بار تھانے بلایا تھا ۔
اکرم نے ہمیں یقین دلایا کہ وہ ان کی والدہ کو 20فروری تک ملک واپس لے آئے گا لیکن وہ ابھی تک واپس نہیں آ سکی ہیں ،اب میری والدہ نے مجھے ایک آڈیو میسج بھیجاہے جس میں سلمہ بیگم نے کہاہے کہ بھارتی حکومت مجھے وطن واپس لانے میں کر دار ادا کرے ۔سیمینہ نے منت سماجت کرتے ہوئے اخبار کے نمائندے سے کہا کہ وہ میری آواز کو مرکزی حکومت اور تلگانا حکومت تک پہنچائیں تاکہ وہ ان کی والدہ کو واپس لانے کیلئے اقدامات کریں ۔