شہر قائد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا چھاپہ،کریکر حملے میں 4اہلکار زخمی،1دہشتگرد گرفتار
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)شہرقائد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر چھاپے کے دوران کریکر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 4اہلکار شدید زخمی جبکہ ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار دہشتگرد کی نشاندہی پرکراچی کے علاقے اردو بازار میں واقع عمارت میں دہشتگردوں کی موجود گی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران عمارت میں موجود ملزمان نے رینجرز پیش قدمی دیکھ کر ان پر پہلے کریکر حملہ ، 2دستی بم بھی پھینکے اور بعد میں جدید خود کارہتھیاروں سے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر 4اہلکار شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک انٹیلی جنس افسر بھی شامل ہے۔واقعہ کے بعد رینجرز کی مزید نفری موقع پر طلب کرلی گئی اور زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دہشتگردوں نے رینجرز کی جوابی فائرنگ کے بعد خود کو کمرے میں بند کر لیا۔
رینجرز کی نقاب پوش نفری نے موقع پر پہنچ کرعلاقے گھیرے میں لے کرعمارت میں موجود لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا اور کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ایک ساتھی ابھی بھی کمرے میں موجود ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہاہے ۔