محکمہ سوشل ویلفئر و بیت المال مستحق افراد کی بحالی کیلئے کو شاں ہے، وحید اختر

محکمہ سوشل ویلفئر و بیت المال مستحق افراد کی بحالی کیلئے کو شاں ہے، وحید اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفےئر و بیت المال پنجاب وحید اختر انصاری نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفےئر و بیت المال پنجاب گزشتہ کئی دہائیوں سے مستحق اور معذور افراد کے سماجی تحفظ اور معاشی بحالی کی خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ محکمہ کے زیر اہتمام دارلامان، دارالفلاح، کاشانہ، عافیت ،گہوارہ ، نشیمن ،صنعت زار اور قصر بہبود جیسے ادارے صوبے کے 36اضلاع میں بے سہارا خواتین ،معذور افراد، لاوارث بچوں ، نادار بچیوں اور معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات اورخود انحصاری کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ دارلامان اور دارالفلاح گھروں سے بے گھر کی جانے والی خواتین اور ان کے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں ، کاشانہ مستحق بچوں اور بچیوں کی تعلیم کو یقینی بنا رہا ہے ۔گہوارہ ٹھکرائے ہوئے نوزائیدہ بچوں کو ماں باپ سے ملوانے کی ذمہ داری سرانجام دے رہا ہے ۔عافیت بے گھر بزرگوں کا گھر ہے ۔ نشیمن معذور افراد کی بحالی کے لیے کوشاں ہے جبکہ قصر بہبود اور صنعت زار محدود وسائل اور انسانی صلاحتیوں میں ہم آہنگنی کی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کم آمدن اور غریب گھرانے کی بچیوں کوفنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کے ذریعے خود کفیل بنا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے محکمہ سوشل ویلفےئر و بیت المال کے زیر اہتمام دو روزہ آرٹ اینڈ کرافٹ کی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ صنعت زار اور قصر بہبود میں بچیوں کو وہ ہنر سکھائے جا رہے ہیں جن کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے تاکہ ان اداروں سے تربیت کے بعد بچیاں خود اپنے ہنر کی بنیاد پر اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کا بوجھ اُٹھا سکیں۔اس کے علاوہ بچیوں کوچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی طرف بھی لایا جا رھا ہے تا کہ وہ ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنے کاروبار کو ترجیح دیں۔نمائش میں صنعت زار اور قصر بہبود کی طالبات کی تیار کردہ گھریلو استعمال کی اشیااورملبوسات کے سٹال لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفےئر کے علاوہ مختلف این جی اوز سماجی بہبود کے اداروں کی جانب سے بھی میک اپ ، پینٹنگز، گھریلو دستکاریوں ،روایتی زیورات اور ملبوسات اور کھانے پینے کے سٹال لگائے گئے تھے۔ نمائش میں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے سربراہان، خواتین اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت ۔ تقریب کے اختتام پر وحید اختر انصاری نے نمائش کو ممکن بنانے کے لیے پارٹنر اداروں اور این جی اوز کا شکریہ ادا کیا اور سب سے زیادہ پذیرائی حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ اُنھوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف بچیوں کا مورال بلندکرتی میں بلکہ اُنھیں عملی زندگی کے تقاضوں سے بھی آگاہ کرتی ہیں۔