تربیت یافتہ اساتذہ کے بغیر بہترین طالب علم تیار نہیں ہو سکتے : رضا گیلانی

تربیت یافتہ اساتذہ کے بغیر بہترین طالب علم تیار نہیں ہو سکتے : رضا گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں قائم ٹیچرز ٹریننگ اکیڈمی میں پنجاب بھر کے کالج اساتذہ کی ٹریننگ کا گزشتہ روز آغاز ہو گیا۔ اس حوالے سے ایک افتتاحی تقریب یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے سیمینار ہال میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن سید رضا علی گیلانی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہمارے اساتذہ کا معیار وہ نہیں جو ہونا چاہیے۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم گزشتہ سال پنجاب کی پہلی ٹریننگ اکیڈمی کا قیام عمل میں لائے تاکہ ہم اپنے نو منتخب اساتذہ کو جدید طریقہ تعلیم کے مطابق تربیت کے مواقع فراہم کر سکیں، کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر اساتذہ بہترین اور تربیت یافتہ ہوں گے تو ہی ہم بہترین طالب علم تیار کر سکیں گے۔ انہوں نے شرکاء ٹریننگ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں لہذا آپ اپنے اپنے مضامین میں کمال حاصل کریں، خود کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھالیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جلد ہی ضلع کی سطح پر اساتذہ کی ٹریننگ اکیڈمیز بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح یونیورسٹی آف ایجوکیشن اساتذہ کی بہترین تربیت کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ مذکورہ اکیڈمی میں دوران تربیت انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ پوری یکسوئی کے ساتھ ٹریننگ حاصل کر سکیں۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نظام الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے بے حد مشکور ہیں، جس کے تعاون سے ٹریننگ کا یہ سلسلہ شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہمارے نئے آنے والے اساتذہ نہ صرف پیشہ وارانہ حوالے سے بلکہ ذہنی اور سماجی حوالوں سے بھی اپنے طلباء کے لئے رول ماڈل کے طور پر سامنے آئیں۔ یاد رہے کہ ٹریننگ کے اس پہلے مرحلے کا دورانیہ 12 روز پر محیط ہو گا۔