شعیب اور ثانیہ نے دوسے تین ہونے کی خوشخبری سنا دی ، مبارکباد وں کا تانتا بندھ گیا

شعیب اور ثانیہ نے دوسے تین ہونے کی خوشخبری سنا دی ، مبارکباد وں کا تانتا بندھ ...

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک اوربھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے ایسی خوشخبری سنا دی ہے جس کا انتظار پاکستانی کئی سالوں سے کر رہے تھے۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انتہائی دلچسپ اور انوکھے انداز میں ’’ننھے مہمان‘‘ کی آمد کی خوشخبری سنائی تو پاکستانی خوشی سے نہال ہو گئے اور ہر طرف سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ کئی مداح تو کہنے لگ گئے کہ بھارت اب ’’ماموں‘‘ بن گیا ہے۔ رواں ماہ 9 اپریل بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایک پروگرام کے دوران انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے بچے کا نام طے کرلیا ہے۔ ثانیہ مرزا نے بتایا تھا کہ دونوں میاں بیوی نے طے کیا ہے کہ ان کے بچے کے نام کے آخر میں ’مرزا ملک‘ لگایا جائے گا، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ بچہ دونوں خاندانوں کے نام آگے بڑھائے گا ،تاہم اب ثانیہ مرزا اورشعیب ملک نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں بچوں کے کپڑے اور دیگر چیزیں دکھائی گئی ہیں اور اس تصویر میں ’مرزا ملک‘ لکھا ہوا نظر آرہا ہے۔ دونوں نے تصویر کو کیپشن دیے بغیر ہی شیئر کیا، تاہم ثانیہ مرزا نے لکھا کہ ’بے بی مرزا ملک‘۔ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے بیک وقت ایک ہی تصویر شیئر کیے جانے، اس میں بچوں کے کپڑے اور دیگر چیزیں دکھائے جانے اور اس میں ’مرزا ملک‘ کے الفاظ لکھے ہوئے دکھائی دینے سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 8 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی ۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے شادی کے بعد ابتدائی طور پر کئی ماہ تک دبئی میں رہائش اختیار کی تھی، اگرچہ دونوں زیادہ تر مصروفیات کی وجہ سے الگ رہتے ہیں، تاہم دونوں وقتا بوقتا ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ بھی کرتے ہیں۔کرکٹر احمد شہزاد نے مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’’مبارک ہو!!! شعیب بھائی اور ثانیہ بھابھی یہ بہت ہی زبردست خبر ہے۔ اللہ آپ اور آپ کے گھر والوں پر اپنی رحمت کی برسات کرے‘‘۔کرکٹر وہاب ریاض نے لکھا ’’بہت ہی خوشی والی خبر ہے بھائی! ماشاء اللہ ۔ آپ دونوں کو بہت بہت مبارکباد‘‘۔ فواد عالم نے لکھا ’’بہت بہت مبارک ہو مون بھائی‘‘

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -