آن لائن ٹیکسی سروس کریم پر سائبر حملہ ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا چوری

آن لائن ٹیکسی سروس کریم پر سائبر حملہ ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا چوری

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )دبئی سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی آن لائن ٹیکسی سروس کریم کا ڈیٹا سائبر حملے کی زد میں آ گیا جس کے نتیجے میں ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا چوری ہو گیا۔کریم کی ویب سائٹ پر شائع ہونیوالے ایک بلاگ میں بتایا گیا ہے رواں برس 14 جنو ری کو ہمیں پتہ چلا کہ سائبر ملزمان نے ہمارے کمپوٹر سسٹمز تک رسائی حاصل کی جس میں صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا موجود تھا تاہم 14 جنوری کے بعد رجسٹرڈ ہونیوالے صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا متاثر نہیں ہوا۔ سائبر حملے کے نتیجے میں ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کے نام، ای میل ایڈریس، فون نمبرز اور سفر کی تفصیلات چوری کر لی گئیں۔ انتظامیہ نے اس معاملے میں کوئی فراڈ یا غلط استعمال نہیں دیکھا، اسلئے ہماری ذمہ داری بنتی ہے ہم سچائی کیساتھ معاملے کو صارفین کے سامنے رکھیں اور مستقبل میں اْن کے ڈیٹا کی حفاظت کی ذمہ داری کی یقین دہانی کرا ئیں۔اماراتی میڈیا کے مطابق کریم کو سائبر حملے کا اس وقت پتہ چلا جب ہیکرز نے ان کے سسٹم پر ایک پیغام چھوڑا،کریم کی جانب سے اس حملے کے بعد اٹھائے جانیوالے اقدامات اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔آن لائن ٹیکسی سروس کی جانب سے کہا گیا ہے جیسے ہی ہمیں اس واقعے کا علم ہوا تو ہم نے اس کی مکمل تحقیقات کیں اور اپنے سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے سائبر سیکیورٹی ماہرین سے معاونت حاصل کی، ہم اس حوالے سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔کمپنی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے پورے معاملے میں ہماری ترجیح صارفین اور کیپٹنز کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنا رہی اور اس معاملے کے بعد ہم نے یہ جاننے کی کوشش کی یہ ہمارے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا، کون اس متاثر ہوا اور ہمیں اپنے نیٹ ورک کے دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید :

صفحہ اول -