سی پیک سے نسلیں فائدہ اٹھائیں گی : وزیر اعظم عباسی ، منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر : گورنر پنجاب

سی پیک سے نسلیں فائدہ اٹھائیں گی : وزیر اعظم عباسی ، منصوبہ خطے کیلئے گیم ...

  

کراچی (سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) وقتی نہیں بلکہ نسلوں کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے نے ہمیں ترقی کا وہ پلیٹ فارم مہیا کیا، جس کے تحت پاکستان میں کئی منصوبے جاری ہیں۔کراچی میں ڈان میڈیا گروپ اور وزارت منصوبہ بندی اور ترقی کے تعاون سے دو روزہ سی پیک سمٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تین سال قبل سی پیک غیر معروف تھا لیکن آج اس منصوبے کو پوری دنیا جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2015 میں چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے ساتھ سی پیک سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر دستخط کیے تھے، جو آج ایک حقیقت بن رہے ہیں اور 2 توانائی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں جبکہ ایک منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں شرکت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک مضبوط دوستی کا مظہر ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان سمیت چین کے لیے بھی اہم ہے جو اسے خطے سے جوڑ دے گا اور اس منصوبے کے ثمرات نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان سمیت دیگر ممالک بھی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی بنیاد 2 اصولوں پر ہے، ایک معاشی استحکام اور دوسرا ماحولیاتی استحکام ہے، اور یہی دو اصول ہیں جس کے تحت ہم کام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ چینی صدر شی جن پنگ کا منصوبہ تھا اور وہ اس منصوبے کے ذریعے چین کو مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا سمیت پوری دنیا کے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں اور آج سی پیک، بیلٹ ینڈ روڈ کا واضح حصہ ہے، جو چین اور وسطیٰ ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک میں دو طرفہ تجارتی راستے ہیں، جو صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ مغربی چین، وسطی ایشیا، اور افغانستان کے لیے بھی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی تھی اور اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہونے کے ساتھ ساتھ بہتر رابطے قائم رکھنے پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔وزیر اعظم نے کہا کہ کابل نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ سی پیک نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کو دو ممالک (پاکستان اور چین) کے درمیان شراکت داری کی طور پر دیکھ رہے ہیں، اور یہ ایک ساتھ کام کرنے کا ایک نیا طریقہ ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک کے تحت خاص معاشی زون بنائے جائیں گے، جو پاکستان اور چین سمیت دنیا بھر کے کاروباری حضرات کو موقع فراہم کرے گا کہ وہ یہاں کاروبار کریں، ملکی معیشت میں اضافہ کریں اور اپنی ا?مدن کو مزید بہتر بنائیں۔اس موقع پر انہوں نے سی پیک سمٹ منعقد کرنے پر ڈان میڈیا گروپ اور وزارت ترقی اور منصوبہ بندی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔خیال رہے کہ ڈان میڈیا گروپ اور وزارت ترقی اور منصوبہ بندی کے تعاون سے دو روزہ سی پیک سمٹ کا ا?غاز کراچی کے باغ جناح میں ہوا، جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چینی سفیر یاؤ جنگ سمیت دیگر شریک ہوئے۔سی پیک سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ترقی اور منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ ایونٹ دیکھ کر خوشی ہے کہ کراچی تبدیل ہورہا ہے‘ کیونکہ جب 2013 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تھا تو یہ شہر ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے طور پر جانا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا دور اس ملک کی ترقی اور کامیابی کا دور ہے اور سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا ابتدا اس ملک کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کو بڑا موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی مدد سے پاکستان ترقی کا مرکز بن جائے گا اور 2050 تک ایشیاء4 عالمی معیشت کی شرح نمو میں 52 فیصد حصے کا شراکت دار بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور نت نئی ایجادات کے باعث دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور یہ ایجادات کی صدی ہے۔وزیر ترقی اور منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ویڑن 2025 کے تحت 7 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور خطے میں اقتصادی راہداری سے پاکستان عالی تجارت کا مرکز بن جائے گا۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کی طرف اس وقت ہاتھ بڑھایا جب کوئی یہاں 10 ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں تھا۔سی پیک پر اٹھنے والے تحفظات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ یہاں لابیز موجود ہیں جو سی پیک سے خوش نہیں ہیں لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ منصوبہ موت کا نیٹ ورک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کچھ لوگ کہتے ہیں چین ایسٹ انڈیا کمپنی بن جائے گا یہ سب پروپیگینڈا ہے اور ان لوگوں نے تاریخ نہیں پڑھی کیونکہ چین شراکت داری چاہتا ہے اور اس سے پاکستانی تاجروں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔سی پیک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا سب سے قریبی دوست ہے اور چینی صدر نے پاکستان کی توانائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی۔انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی قیادت میں چین کا دورہ کیا اور جب بھی ہم بیجنگ گئے تو توانائی کے منصوبوں پر ہی بات چیت ہوئی۔شہباز شریف سی پیک کے منصوبے صرف ایک علاقے کے لیے نہیں ہے بلکہ اس کے ثمرات بہت وسیع ہیں اور سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا اور ا?زاد جموں کشمیر کے ساتھ ملک کر ہم ایک بہتر کل کی تعمیر کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کی فیڈریشن کی مضبوطی میں مدد ملے گی اور اس منصوبے نے یہ ثابت کردیا کہ پاکستان وہ ملک ہے جہاں عوام کی رقم محفوظ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جو یہ سمجھتے تھے کہ چینی پاکستان کے دشمن ہیں انہیں میں بتانا چاہتا ہوں کہ سی پیک پاکستان کی تاریخ میں سی پیک نے ایک اہم موڑ دیا ہے۔اس سے قبل چینی سفیر یاؤ جنگ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 40 برسوں سے چین اپنی معیشت کی ترقی اور اسے بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے اور ہم نے لوگوں کے فائدے کے سوشلزم اور معیشت کو ایک ساتھ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو دیگر ریاستوں کے لیے ایک مثال بنانا چاہتا ہے اور ہم سی پیک کو ایک اہم منصوبے کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور مجھے فخر ہے کہ پانچ سال کے عمل درآمد کے بعد سی پیک پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کررہا ہے۔چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ ہم سی پیک سے صرف ایک اقتصادی ترقی نہیں بلکہ معاشرے کی ترقی چاہتے ہیں۔کانفرنس سے خظاب کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور چین کی قیادت کی گزشتہ پانچ نسلیں اور سابقہ پاکستانی حکومتوں کے درمیان بھی بہترین تعلقات قائم رہے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔سی پیک منصوبے کے تحت سندھ میں جاری ترقی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ سی پیک کے نتیجے میں دو تجارتی بندرگاہوں کے استعمال میں اضافہ ہوا اور کیٹی بندر پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت ہماری تجارتی بندرگاہوں کی ترقی میں سندھ اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ قابل تجدید توانائی کے طویل منصوبوں پر سی پیک کے آغاز سے قبل ہی کام کررہا اور یہ واحد صوبہ ہے جہاں ایسے منصوبوں کے لیے زمین گرانٹ پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے طویل مدتی منصوبے کے تحت ہونے والی ترقی میں حکومت سندھ اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے کیونکہ سندھ پاکستان کی توانائی کا مرکز ہے۔خیال رہے کہ یہ کانفرنس پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق ہونے والے بڑے ایونٹ میں سے ایک ہے، جہاں عوام کو سی پیک کے مقاصد سے متعلق مکمل آگاہی اور اس کے جڑے منصوبے ون بیلٹ ون روڈ کے بارے میں بھی مکمل معلومات دی جائیں گی۔دو روزہ کانفرنس میں ایک سمپوزیم ’ معیشت اور فنانس کی حرکی‘ بھی منعقد ہوگا، جہاں سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین اور سابق وزراء خزانہ شوکت ترین اور عبدالحفیظ شیخ تبادلہ خیال کریں گے۔یہ کانفرنس منگل 24 اپریل تک جاری رہے گی، جس کے دوسرے روز ’چین کا نقطہ نظر‘ کے عنوان سے ایک سیشن منعقد کیا جائے گا، جس میں یاؤ جنگ خطاب کریں گے۔

وزیراعظم

لاہور( جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی ،کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ فیڈریشن کی مضبوطی کے لئے تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور وہ دن دُور نہیں جب بلوچستان تجارتی سرگرمیوں کا ہب ہوگا۔ موجودہ حکومت نے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے ۔ عوام تنقید اورالزام تراشی کرنے والوں کی بجائے کارکردگی پر ووٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روز نامہ پاکستان کے زیر اہتمام فلیٹیز ہوٹل میں دو روزہ ایکسپو اینڈ ٹریڈ کانفرنس برائے گوادر اینڈ سی پیک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی نے کی جبکہ روز نامہ پاکستان کے ایڈ یٹر عمر مجیب شامی،سٹی 42کے ایڈیٹرنوید چوہدری نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا جبکہ اس تقریب میں وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے ٹریڈرز محمد علی میاں،فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے کنوینئر رحمت اللہ جاوید، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر فلاحت عمران ، فاؤ نڈر چیئر مین ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم،پاکستان فلو ر ملز ایسو سی ایشن کے گروپ لیڈر و سابق چیئر مین عاصم رضا، سابق صدر پنجاب میاں ریاض،پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نبیل محمود طارق ،سیکرٹری اطلاعات مرزا ارشد اقبال،پاکستان وناسپتی مینوفیکچرز ایسو سی ایشن کے رہنماء محمد وحید چوہدری کے علاوہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنے والے دیکھیں کہ آج بلوچستان میں درجنوں غیر ملکی کمپنیاں کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کررہی ہیں جو حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دُنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور وہ وقت دُور نہیں جب سی پیک کے ثمرات نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک تک پہنچیں گے۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے وہاں پسماندگی کا خاتمہ ہوگا اور عوام کی خوشحالی کا نیا دَور شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مایوسی کی بجائے ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانا چاہئے۔انہوں نے ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے منصوبے کی افادیت اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روز نامہ پاکستان کے ایڈیٹر عمر مجیب شامی نے کہا کہ سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں معاشی ترقی و خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت انرجی، انفراسٹرکچر اور دیگر ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سٹی فورٹی ٹو کے ایڈیٹر نوید چوہدری نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سی پیک کی صورت میں ترقی کرنے کا بڑا موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لئے ہر کسی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے نمائش کا باقاعد ہ افتتاح کیا اور وہاں پر لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ بھی کیا اور روز نامہ پاکستان کی اس کاوش کو بھرپور سراہا۔بعد اذاں برائیڈل شو سیشن کے مہمان خصوصی مشیر وزیراعلی پنجاب رانا محمد ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روز نامہ پاکستان نے گوادر اور سی پیک سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے کہ مناسبت سے ایکسپو کرواکر ایک قومی فریضہ سر انجام دیا ہے جس پر میں پوری پاکستانی قوم کی طرف سے اور مسلم لیگ (ن) کی طرف سے روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی اور ایدیٹر عمر مجیب شامی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور مبارکباد بھی دیتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کا مستقبل سی پیک سے وابستہ ہے اور پاکستان کو دشمنون نے سی پیک اور پاکستان کی دشمنی میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ہماری حکومت کے خلاف مہم چلائی جو اس منصوبے کو سبو تاز کرنا چاہتے تھے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کی قومی خدمت کی ہے اور ہر میدان میں خدمت کی ہے اور اسی میدان مین 2018 کا الیکشن بھی مسلم لیگ جیتے گی۔

گوادر ایکسپو

مزید :

صفحہ اول -