سانحہ ماڈل ٹاؤن ، ہائیکورٹ نے نواز ،شہباز سمیت اہم شخصیات کی عدم طلبی ثبوت مانگ لئے

سانحہ ماڈل ٹاؤن ، ہائیکورٹ نے نواز ،شہباز سمیت اہم شخصیات کی عدم طلبی ثبوت ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ میں سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر وزرا اور حکومتی عہدیداروں کو طلب نہ کرنے کے معاملے پر وہ تمام ثبوت مانگ لئے ہیں جن کی بنیاد پر ان کو طلب کرنا ضروری تھا،عدالت نے سابق آئی جی مشتاق سکھیرا کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیاہے۔جسٹس قاسم علی خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاون سے متعلق مختلف درخواستوں کی سماعت کی،پاکستان عوامی تحریک نے انسداددہشت گردی کی عدالت کی جانب سے میاں محمدنواز شریف،میاں شہباز شریف سمیت 12 حکومتی شخصیات کو استغاثہ میں طلب نہ کرنے کے احکامات کو لاہور ہائیکورٹ کے روبرو چیلنج کر رکھا ہے،عدالتی حکم پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب احتشام قادر نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ میں فرد جرم عائد ہو چکی ہے اور شہادتیں ریکارڈ کی جا رہی ہے،عدالت نے ادارہ منہاج القرآن کے وکیل سے استفسار کیا کہ سیاست دانوں کے خلاف ایسا کیا مواد تھا جسے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نظر انداز کر کے ان کو طلب نہیں کیا؟ادارہ منہاج القرآن کے وکیل اظہر صدیق نے آگاہ کیا کہ اس وقت وہ مواد ہمارے پاس نہیں تھا لیکن اب حالات تبدیل ہو گئے ہیں جس پر بنچ کے سربراہ نے استفسار کیا کہ نئے شواہد کا جائزہ کس طرح لیا جا سکتاہے؟فل بنچ نے عوامی تحریک کے وکیل کو دہشت گردی کی عدالت میں پیش کئے جانے والی دستاویزات 25اپریل تک عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو بھی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، سابق آئی جی مشتاق سکھیرا نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ میں دہشت گردی عدالت کی جانب سے اپنی طلبی کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن

مزید :

علاقائی -