ہائیکورٹ کے حکم پر نیب کی غیر قانونی حراست میں رکھا گیا شہری رہا

ہائیکورٹ کے حکم پر نیب کی غیر قانونی حراست میں رکھا گیا شہری رہا

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر نیب کی غیر قانونی حراست میں رکھا گیا شہری رہا ہو گیا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر نیب کی غفلت ثابت ہو گئی تو روزانہ کے حساب سے نیب کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر نیب نے زیر حراست رکھے گئے شہری زاہد محمود کو رہا کر دیا، ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ غفلت کے مرتکب نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر رمضان کو معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے شہری کی رہائی کے لئے کی جانے والی کارروائی کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی،عدالت نے نیب کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ پر عدم اعتماد کر دیا،عدالت نے استفسار کیا کہ شہری کی رہائی کے لئے ہر روز کی کارکردگی کو رپورٹ کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا؟ اگر نیب کی غفلت ثابت ہو گئی تو روزانہ کے حساب سے نیب کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا، عدالت نے تفصیلی رپورٹ اور ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کر دی۔

غیر قانونی حراست

مزید :

علاقائی -