کالا شاکاکو ، پرانی رنجش پر فائرنگ ، 3سگے بھائیوں سمیت 5افراد ہلاک ،ملزم فرار
مریدکے ،کالا شاہ کاکو(نامہ نگار)تھانہ سٹی کے علاقہ حدوکے میں ججی بٹ گروپ نے فائرنگ کرکے قیصر شاہ گروپ کے تین سگے بھائیوں اور ایک بیٹے سمیت پانچ افراد قتل کر دیا اور علاقہ میں دہشت پھیلا کر فرار ہو گئے،پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچا دیں،ایڈیشنل ایس پی کی سربراہی میں ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق علاقہ کے متعدد گروپوں کے ساتھ دشمنی رکھنے والے ججی بٹ گروپ نے مٹی کھودنے کی رنجش پر تھانہ سٹی کے علاقہ حدوکے کے تار بازار میں آتشیں اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں قیصر شاہ، اس کا بھائی عامر شاہ، ارشان عرف شانے شاہ، قیصر شاہ کا18سالہ بیٹا عرفان حیدر شاہ اور ایک دوست عرفان ولد رشید شدید زخمی ہو گئے ۔ ورثاء کے مطابق اطلاع کے با وجود تھانہ سٹی کی پولیس ڈیڑھ گھنٹہ بعد جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کوہسپتال لیجانے کے دوران پانچوں زخمی دم توڑ گئے۔ورثاء کے مطابق وقوعہ سے ایک گھنٹہ قبل 15پر کال کرکے پولیس کو مسلح مشکوک افراد کی سرگرمیوں کے بارے میں مطلع کیا جبکہ تھانہ سٹی پولیس کو بھی اطلاع دینے کی کوشش کی گئی مگر پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی۔دونوں گروپوں کے درمیان ایک ماہ قبل مٹی کھودنے پر تنازعہ پیدا ہوا تھا جس کی مقامی افراد نے صلح کرا دی تھی۔
مریدکے/فائرنگ/ہلاکتیں